اگرتلہ: وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو تریپورہ میں بائیں بازو-کانگریس اتحاد پر سخت حملہ کرتے ہوئے اسے غیر اخلاقی قرار دیا۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ ریاست میں اپوزیشن طاقتیں ترقیاتی فنڈز کو 'لوٹنے' کے لیے ایک ساتھ آگئی ہیں۔ مودی نے اس شمال مشرقی ریاست میں 16 فروری کو ہونے والے انتخابات کے لیے حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی کے حلقوں کی آخری بڑی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ووٹروں سے پرامن اور بڑے پیمانے پر پولنگ کو یقینی بنانے کی اپیل کی۔
کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا-مارکسسٹ (سی پی آئی-ایم)، کانگریس اورٹی آئی پی آراے موتھا کی طرف اشارہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نے لوگوں کو خبردار کیا کہ وہ 'چندا اور جھنڈا والا کمپنی' کے جھانے میں نہ آئیں۔ انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے 'لوٹنے والی کمپنی' اور 'تقسیم کرنے والے گروہ' سے ہاتھ ملایا ہے اور ترقیاتی فنڈز کو ہڑپ کرنے کی اپنی پرانی روایت کو بحال کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد پردھان منتری آواس یوجنا (پی ایم اے وائی) کے تحت غریبوں کی رہائش کے لیے مرکزی بجٹ میں سب سے زیادہ 80 لاکھ کروڑ روپے کا التزام کیا گیا ہے۔