بالی ووڈ کی دُنیا میں بِگ بی کے نام سے مشہور اداکار امیتابھ بچن نے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دلیپ کمار کے ساتھ فن کا ایک ادارہ بھی دُنیا سے رخصت ہوگیا ہے۔
امیتابھ بچن نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔ جس میں اُنہوں نے کہا کہ آج دلیپ کمار کے ساتھ فن کا ایک ادارہ بھی چلا گیا ہے۔ جب بھی بھارتی سینما کی تاریخ لکھی جائے گی، وہ ہمیشہ دلیپ کمار سے پہلے اور دلیپ کمار کے بعد ہوگی۔‘میری دُعا ہے کہ اس مشکل گھڑی میں دلیپ کمار کے اہلِ خانہ اور عزیزوں کو صبر و جمیل عطا ہو۔‘
بالی ووڈ کے کھلاڑی اکشے کمار نے ٹویٹ کیا کہ دنیا کے لیے بہت سے دوسرے ہیرو ہوسکتے ہیں لیکن ہم سب اداکاروں کے لیے وہ ہیرو تھے۔ دلیپ کمار سر نے بھارتی سنیما کا ایک پورا دور اپنے ساتھ لے لیا ہے۔ میرے خیالات اور دعائیں ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔
بالی ووڈ اسٹار اجے دیوگن نے کہا کہ میں نے لیجنڈ کے ساتھ بہت سے لمحات ایک ساتھ شیئر کیے ہیں۔ جن میں کچھ انفرادی طور پر ہیں اور کچھ اسٹیج کے ہیں۔ پھر بھی میں واقعی میں ان کے انتقال کے لیے تیار نہیں تھا۔ انھوں نے مزید لکھا کہ ایک ادارہ، ایک لازوال اداکار کے چلے جانے سے دل ٹوٹ گیا ہے۔ سائرہ جی سے گہری تعزیت۔
کے آر کے خان نے ٹویٹ کیا کہ بالی ووڈ کے سب سے بڑے سُپر اسٹار شہنشاہ کنگ میں سے ایک دلیپ کمار صاحب (یوسف صاحب) 98 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ یہ بالی ووڈ میں ایک دور کا خاتمہ ہے۔
کامیڈی اداکار جانی لیور نے دلیپ کمار کے انتقال پر غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے انڈسٹری کو بہت کچھ دیا ہے اور بہت سے اداکاروں کو انہوں نے بنایا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ میری خوش نصیبی یہ تھی کہ میں ان کے ساتھ اٹھا بیٹھا ہوں اور میں نے ان سے بہت کچھ سیکھا ہے۔