پی ایم مودی ٹرین حادثے کا جائزہ لینے کے لیے اڈیشہ کے لیے روانہ ہوئے۔
ٹرین حادثے میں مہلوکین کی تعداد 261 ہوگئی، 900 سے زائد زخمی، ریسکیو آپریشن مکمل، بحالی کا کام جاری - balasore coromandel express collided
13:58 June 03
وزیر اعظم اڈیشہ کے لیے روانہ
13:56 June 03
سونیا گاندھی کا اڈیشہ ٹرین حادثے پر اظہار افسوس
کانگریس رہنما سونیا گاندھی نے کہا کہ میں اڈیشہ میں ٹرین کے دردناک حادثے سے بہت دکھی اور پریشان ہوں۔ میں تمام سوگوار خاندانوں سے اپنی گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتی ہوں۔
13:38 June 03
بنگال سے 40 ڈاکٹر110 ایمبولینس اڈیشہ پہنچیں
مغربی بنگال کی وزیر اعلی اور سابق ریلوے وزیر ممتا بنرجی نے کہا کہ ہم نے کل 40 ایمبولینس اور آج 70 ایمبولینس اڈیشہ روانہ کیں۔ ہمارے 40 ڈاکٹر یہاں پہنچ چکے ہیں اور وہ کام کر رہے ہیں۔
13:35 June 03
مغربی بنگال کے مہلوکین کے ورثاء کو پانچ لاکھ کا معاوضہ
مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے بالاسور کا دورہ کیا وہیں انہوں نے صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے کی جانب سے مہلوکین کے لواحقین کو دس لاکھ جب کہ بنگال حکومت کی جانب سے بنگال کے مہلوکین کے ورثاء کو پانچ پانچ لاکھ روپے دیئے جائیں گے اور کام مکمل ہونے تک اڈیشہ حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں گے اور مکمل تعاؤن کریں گے۔
13:28 June 03
جاپانی وزیر اعظم فومیو کشیدا کا اڈیشہ میں ٹرین حادثے پر تعزیت کا اظہار
جاپانی وزیر اعظم فومیو کشیدا نے وزیر اعظم نریندر مودی کو تعزیتی پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے بالاسور ٹرین حادثے کے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے وہیں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔
13:22 June 03
برطانوی وزیر خارجہ کا متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ تعزیت
برطانوی وزیر خارجہ جیمز کلیورلی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے بالاسور ٹرین حادثے کے متاثرین کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
13:18 June 03
وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی بالاسور پہنچیں
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اڈیشہ کے بالاسور پہنچیں جہاں تین ٹرینوں کے درمیان تصادم میں 261 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
13:15 June 03
وزیر اعظم اڈیشہ کے لیے روانہ
وزیر اعظم نریندر مودی اڈیشہ کے لیے روانہ ہوئے جہاں وہ ٹرین حادثے کے تناظر میں صورتحال کا جائزہ لیں گے۔
12:34 June 03
بھونیشور ایمس سے ڈاکٹروں کی دو ٹیمیں اڈیشہ کے لیے روانہ
مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ بھونیشور ایمس سے ڈاکٹروں کی دو ٹیمیں حادثے کے مقام پر امدادی کارروائیوں میں مدد کے لیے بالاسور اور کٹک کے لیے روانہ کی گئی ہیں۔
12:26 June 03
تمل ناڈو حکومت نے معاوضے کا اعلان کیا
تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن نے اعلان کیا کہ بالاسور ٹرین حادثے میں ہلاک ہوئے ریاست کے مہلوکین کے اہلخانہ کو پانچ لاکھ روپے اور زخمیوں کو ایک ایک لاکھ روپے تمل ناڈو حکومت کی جانب سے دئیے جائیں گے۔
12:15 June 03
وزارت ریلوے نے ہیلپ لائن نمبر جاری کیا
بالاسور ٹرین حادثے کے پیش نظر ریلوے کی وزارت نے ہیلپ لائن نمبر جاری کیے ہیں۔
12:12 June 03
اڈیشہ کے وزیر اعلی کی زخمیوں سے ملاقات
اڈیشہ کے وزیر اعلی نوین پٹنائک نے بالاسور ٹرین حادثے میں زخمی ہونے والے افراد سے بالاسور کے ایک ہسپتال میں ملاقات کی۔
12:11 June 03
خصوصی ٹرین سے 250 مسافر چینئی کے لیے روانہ
اوڈیشہ کے بالاسور میں پھنسے 250 مسافروں کو ایک خصوصی ٹرین لے کر چینئی کے لیے روانہ ہوئی۔
12:04 June 03
مسافروں کو لے کر ایک خصوصی ٹرین مغربی بنگال پہنچی
اڈیشہ کے بالاسور سے پھنسے ہوئے مسافروں کو لے کر ایک خصوصی ٹرین مغربی بنگال کے ہاوڑہ ریلوے اسٹیشن پر پہنچی۔
12:00 June 03
ریسکیو آپریشن مکمل
ریلوے ترجمان نے کہا کہ ریسکیو آپریشن مکمل ہوگیا ہے۔ بحالی کا کام جاری ہے۔
11:57 June 03
مرکزی وزراء کی زخمیوں سے ملاقات
مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان، وزیر ریلوے اشونی ویشنو اور بالاسور سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ پرتاپ سارنگی اڈیشہ کے بالاسور کے ہسپتال میں زخمیوں سے ملاقات کی۔
11:44 June 03
مرکزی وزیر بالاسور میڈیکل کالج ہسپتال پہنچے
مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان بالاسور میڈیکل کالج ہسپتال پہنچے
11:39 June 03
نریندر مودی آج اڈیشہ جائیں گے
وزیر اعظم نریندر مودی آج اڈیشہ جائیں گے۔ جہاں وہ بالاسور میں جائے حادثہ کا دورہ کریں گے اور پھر کٹک کے ہسپتال کا دورہ کریں گے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اڈیشہ ٹرین حادثہ کے بعد صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ بلائی ہے۔حکومت کے اعلیٰ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم میٹنگ میں اڈیشہ ٹرین حادثے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیں گے۔ ذرائع نے تاہم میٹنگ کے بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائی ہیں لیکن خیال کیا جا رہا ہے کہ وزیر اعظم اس بڑے ٹرین حادثے کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں اور ریل حادثات سے متعلق تمام پہلوؤں پر میٹنگ میں گہرائی سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
11:12 June 03
ممتا بنرجی اڈیشہ کے بالاسور کے لیے روانہ
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اڈیشہ کے بالاسور کے لیے روانہ ہو گئیں۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی وہاں صورتحال کا جائزہ لیں گی اور زخمیوں سے ملاقات کریں گی۔
10:55 June 03
ویشنو نے مسافروں کے بچاؤ اور علاج پر زور دیا
ریلوے کے وزیر اشونی کمار ویشنو نے ہفتہ کی صبح اڈیشہ کے بالاسور ضلع کے بہاناگا ریلوے اسٹیشن پر جائے حادثہ کا دورہ کیا اور زخمی مسافروں کے بچاؤ اور علاج پر زور دیا۔ ویشنو نے کہا کہ فی الحال توجہ زخمیوں کے بچاؤ اور علاج پر ہے۔ انہوں نے ہلاک ہونے والوں کے تئیں دکھ کا اظہار کیا اور سوگوار خاندانوں سے تعزیت کی۔
10:51 June 03
ممبئی-گوا وندے بھارت ٹرین کا افتتاحی پروگرام منسوخ
کونکن ریلوے حکام نے کہا کہ مڈگاؤں اسٹیشن پر گوا-ممبئی وندے بھارت ایکسپریس کا افتتاحی تقریب اڈیشہ میں تین ٹرینوں کے حادثے کے پیش نظر منسوخ کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی ہفتہ کی صبح ویڈیو لنک کے ذریعے گوا-ممبئی وندے بھارت ایکسپریس کو ہری جھنڈی دکھانے والے تھے۔
10:49 June 03
منوج سنہا نے ٹرین حادثے پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا
جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اڈیشہ کے بالا سو ر ضلع میں جمعہ کی شام ہوئے ٹرین حادثے پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ منوج سنہا نے ٹرین حادثے میں لوگوں کی جانیں ضائع ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ۔
انہوں نے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔
10:47 June 03
تلنگانہ کے وزیراعلیٰ نے اڈیشہ ٹرین حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا
تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ نے اڈیشہ ٹرین حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلی کے سی آر نے ریاستی اور مرکزی حکومت پر زور دیا کہ وہ زخمیوں کو بہتر علاج فراہم کرنے کے لیے اقدامات کریں اور حادثے میں جان گنوانے والوں کے اہل خانہ کو مناسب امداد فراہم کریں۔
10:47 June 03
اڈیشہ میں ایک روزہ سوگ کا اعلان
اڈیشہ کے وزیر اعلی نوین پٹنائک نے ایک روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کیا ہے۔ 3 جون کو پورے دن ریاست میں کوئی سرکاری تقریب نہیں ہوگی۔
10:46 June 03
تلنگانہ بی جے پی صدر بنڈی سنجے نے اڈیشہ ٹرین حادثہ پر گہرے صدمہ کا اظہار کیا
تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے نے اڈیشہ میں پیش آئے المناک ٹرین حادثہ پر گہرے صدمہ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس واقعہ میں ہلاک افراد کے ارکان خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے ٹرین حادثہ کے سوگ کے حصہ کے طورپر آج منعقد ہونے والے 'مہاجن سمپرک ابھیان' کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔انہوں نے انکشاف کیا کہ آج مرکزی وزراء اور قومی لیڈروں کا تلنگانہ کا دورہ منسوخ کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹرین حادثہ کے مہلوکین کو خراج عقیدت پیش کیا۔
یواین
10:44 June 03
ٹرین حادثہ، اے پی کی ٹیم اڈیشہ روانہ
آندھراپردیش کے وزیراعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی نے اوڈیشہ میں پیش آئے ٹرین حادثہ کو افسوسناک قراردیا۔ انہوں نے کہاکہ ریلوے کے عہدیداروں سے بات کرتے ہوئے آندھراپردیش کے مہلوکین کے بارے میں معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔انہوں نے مہلوکین کے غمزدہ ارکان خاندان سے تعزیت کااظہار کیا۔ وزیراعلی نے اس سلسلہ میں اعلی سطحی اجلاس منعقد کیا۔انہوں نے مقام حادثہ پر تین عہدیداروں کی ٹیم روانہ کرنے کی ہدایت دی۔وزیرامرناتھ ریڈی کی قیادت میں تین آئی اے ایس عہدیداروں کی ٹیم مقام حادثہ کے لئے روانہ ہوگی۔انہوں نے اوڈیشہ سے لگنے والے اے پی کے سرحدی اضلاع میں واقع اسپتالوں کو چوکسی کی ہدایت دی ہے۔
10:05 June 03
اڈیشہ کے بالاسور میں ایک خوفناک ٹرین حادثہ پیش آیا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق تین ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں۔ جنوب مشرقی ریلوے حکام نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 261 ہو گئی ہے۔ یہ تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔
بھونیشور: اڈیشہ کے بالاسور میں ہولناک ٹرین حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 261 ہو گئی ہے۔ ساؤتھ ایسٹرن ریلوے حکام نے یہ جانکاری دی ہے۔ اس سے قبل اڈیشہ کے چیف سکریٹری پردیپ جینا نے ہفتے کے روز تصدیق کی تھی کہ بالاسور میں ٹرین حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔ زخمی مسافروں کی تعداد 900 سے زائد ہے۔ اس سے پہلے دیر رات چیف سکریٹری پردیپ جینا نے کہا تھا کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ چیف سکریٹری جینا نے کہا کہ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق بالاسور ٹرین حادثے میں 900 سے زیادہ لوگ زخمی ہوئے ہیں۔