اننت ناگ:شدید سردی کی لہر میں سیاح وادیٔ کشمیر کے مختلف خوبصورت سیاحتی مقامات کی سیر و تفریح میں مشغول ہیں۔ اس دوران سیاح برف کی سفید چادر سے ڈھکے در ودیوار اور چیل کے درختوں اور جنگلات کے دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ معروف سیاحتی مقام پہلگام بھی ان دنوں سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز بنا ہوا ہے۔ سیاح پہلگام کے حسین مقامات، بیتاب وادی، چندن واڑی اور آڑو کی برف پوش وادیوں کے حُسن سے محظوظ ہو رہے ہیں۔ سرمائی سیر و تفریح کے شوقین سیاح پہلگام میں تازہ برفباری کے مناظر کا لطف لے رہے ہیں اور برف سے کھیل کر اپنی تمنا پوری کرتے ہیں۔ گزشتہ برس موسم گرما کے ساتھ ساتھ سردی کے موسم میں بھی پہلگام میں ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی ریکارڈ آمد ہوئی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سال 2022 میں 7 لاکھ 89 ہزار 14 سیاحوں نے وادی کا رخ کیا۔ ان سیاحوں میں 5 لاکھ 23 ہزار 473 غیر کشمیری جب کہ 5323 غیر ملکی شامل تھے۔
اس دوران کشمیر کی برفباری اور سردی سے لطف اندوز ہو رہے سیاحوں نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'جتنا انہوں نے کشمیر کی خوبصورتی کے بارے میں سُنا تھا، یہاں آنے کے بعد معلوم ہوا کہ کشمیر اس سے کئی گنا زیادہ خوبصورت ہے۔ وہ اپنی آنکھوں سے تازہ برف باری دیکھنے کی تمنا لے کر یہاں آئے تھے اور ان کی یہ خواہش پوری ہوگئی۔ کئی روز تک مسلسل سیرو تفریح کے بعد بھی ان کا من نہیں بھرا، اس لیے وہ دوبارہ یہاں آنے کی خواہش لے کر لوٹ رہے ہیں۔