راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے ساتھ نظریاتی جنگ کا مقابلہ کرنے کی ضرورت کو دیکھتے ہوئے کانگریس نے آر ایس ایس کے 'بالا گوکلم' کی طرز پر ’جواہر بال منچ‘ کا آغاز کیا ہے۔
پارٹی کو قومی سطح پر مضبوط بنانے اور پارٹی کے سیکولر نظریے کو بڑھانے کے لیے کانگریس نے نئی نسل کو راغب کرنے کے لیے قومی سطح پر 7 سے 17 سال کی عمر کے بچوں کے لیے ایک شعبہ 'جواہر بال منچ' شروع کیا ہے۔ تاہم پارٹی کی کیرلا یونٹ گزشتہ 15 سالوں سے یہ تنظیم چلا رہی ہے۔
کیرالہ کانگریس کے رہنما جی وی ہری کو جواہر بال منچ کا صدر مقرر کیا گیا ہے۔ اس معاملے پر جی وی ہری نے کہا کہ کیرالہ کانگریس گزشتہ 15 سالوں سے جواہر بال منچ چلا رہی ہے، جس کے ذریعے اب تک تقریبا 2.5 لاکھ بچوں کو تربیت دی جا چکی ہے۔ اس کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے قومی سطح پر اس کی ضرورت محسوس کی گئی۔ کانگریس پارٹی کے سرکاری اعلان کے بعد اب جواہر بال منچ کے کیرالہ ماڈل کو پورے ملک میں بڑھایا جائے گا۔