ریاست مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں تنظیم قومی خدمت گار کی ٹیم لمبے عرصے سے کام کرتی چلی آ رہی ہے۔ اس رمضان بھی قومی خدمت گار نے ماہ رمضان میں ضرورت مندوں اور مستحق لوگوں کے لئے مدد کا کام شروع کیا ہے، جس میں قومی خدمت گار کی ٹیم لوگوں کو جہاں گھر جا کر رمضان راشن کا کٹ تقسیم کر رہی ہے تو وہیں لوگوں کے لئے روزگار کے لئے بھی مدد کر رہی ہے۔ ساتھ ہی رمضان میں عید پر ضرورت مند اور غریب بچوں میں مفت کپڑے بھی تقسیم کرنے کا کام کیا جا رہا ہے۔
قومی خدمتگار تنظیم کے اس کام سے متاثر ہوکر بھوپال میں بودھ سماج کے بودھ ویہار میں لوگوں کے لئے جنتا فریج اور غریبوں کے لئے مفت کپڑوں کا انتظام کیا ہے جہاں کسی مذہب و ملت کے فرق کئے بغیر کھانا اور کپڑا دیا جاتا ہے۔ وہیں بودھ ویہار سے اس بار رمضان عید کے موقع پر بودھ سماج کی جانب سے غریب مسلم بچوں اور بچیوں میں نئے کپڑے تقسیم کیے جا رہے ہیں اور یہ کام بودھ سماج کی جانب سے قومی خدمت گار تنظیم کے ممبران کریں گے۔