اردو

urdu

By

Published : Nov 30, 2022, 7:50 PM IST

ETV Bharat / bharat

Mumbai Local Train Blast ممبئی لوکل ٹرین بم دھماکہ کے دو ملزمان کی 24 سال بعد ضمانت منظور

سپریم کورٹ نے 1998ممبئی لوکل ٹرین بم دھماکے کے دو ملزمان کی ضمانت منظور کر لی ہے۔ محمد یعقوب عبدالمجید اور اصغر قادر شیخ پر الزام ہیکہ انہوں نے 1998ممبئی لوکل ٹرین بم دھماکے کرنے والی گینگ کے اہم ارکان تھے۔ Mumbai Local Train Blast

ممبئی لوکل ٹرین بم دھماکے کے دو ملزمان کی ضمانت منظور
ممبئی لوکل ٹرین بم دھماکے کے دو ملزمان کی ضمانت منظور

ممبئی: گذشتہ چوبیس سالوں سے جیل میں قید دو مسلم قیدیوں کی سپریم کورٹ آف انڈیا نے ضمانت منظور کرلی ہے۔ محمد یعقوب عبدالمجید اور اصغر قادر شیخ پر الزام ہیکہ وہ 1998ممبئی لوکل ٹرین بم دھماکے کرنے والی گینگ کے اہم ارکان تھے۔ ملزمین کو نچلی عدالت سے عمر قید کی سزا ملی تھی جسے بامبے ہائی کورٹ نے برقرار رکھا تھا۔ ملزم کو قانونی امداد فراہم کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماہند کے قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی کے مطابق آج سپریم کورٹ آف انڈیا کی دو رکنی بینچ (جسٹس اے ایس بوپنا اور جسٹس سدھانشو دھولیہ) کے روبرو محمد یعقوب عبدالمجید اور اصغر قادر شیخ کی ضمانتی عرضی پر سماعت ہوئی۔ اس کے دوران سینئر ایڈوکیٹ نتیا راما کرشنن نے عدالت کو بتایا کہ عرض گذار گذشتہ چوبیس سالوں سے جیل میں قید ہیں اور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف داخل اپیل تقریباً دس سالوں سے سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے اور مستقبل قریب میں اپیلوں پر حتمی بحث ہونے کے امکانات نہیں ہیں لہذا عرض گذاروں کو ضمانت پر رہا کیا جائے۔The Supreme Court granted bail to two accused in the 1998 Mumbai local train blast


ایڈوکیٹ نتیا راما کرشنن نے عدالت کو مزید بتایا کہ عرض گذاروں کو ماضی میں ضمانت پر رہا کیا گیا تھا لیکن ہائی کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد انہوں نے از خود سپردگی کردی تھی نیز پیرول اور فرلو پر رہا ہونے کے بعد عرض گذار کبھی بھی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نہیں ہوئے۔ ریاستی حکومت کی نمائندگی کرتے ہوئے ایڈوکیٹ سچن پاٹل نے عرض گذاروں کو ضمانت پر رہا کیئے جانے کی سخت لفظوں میں مخالفت کی اور حلف نامہ داخل کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ عرض گذاروں کو اگر ضمانت پررہا کیا گیا تو وہ پھر سے سنگین جرائم میں ملوث ہوسکتے ہیں۔ فریقین کے دلائل کی سماعت کے بعد دو رکنی بینچ نے عرض گذاروں محمد یعقوب عبدالمجید اور اصغر قادر شیخ کو مشروط ضمانت پر رہا کئے جانے کا حکم جاری کیا۔ عدالت نے ٹرائل کورٹ کو حکم دیا کہ وہ ضمانت کی شرائط طے کرے۔ سینئر ایڈوکیٹ نتیا راما کرشنن کے ہمراہ ایڈوکیٹ اشوتھ سیتارمن، ایڈوکیٹ نتیا ملہوترا اور ایڈوکیٹ سنہاسیش مکھرجی پیش ہوئے۔ اس ضمن میں گلزار اعظمی نے مزید کہا کہ ممبئی کی لائف لائن کہی جانے والی لوکل ٹرینوں کے مختلف اسٹیشنوں پر 1998 میں ہوئے بم دھماکوں کے الزامات کے تحت نچلی عدالت سمیت بامبے ہائی کورٹ سے مجرم گردانے گئے چھ مسلم لوگوں نے جمعیۃ علماء کے توسط سے ان سزاؤں کے خلاف سپریم کورٹ آف انڈیا میں اپیل داخل کی تھی لیکن اس پر سپریم کورٹ کے فوری سماعت کرنے سے انکار کے بعد محمد یعقوب عبدالمجید اور اصغر قادر شیخ کی ضمانت پر رہائی کی عرضداشت داخل کی گئی تھی جسے آج عدالت نے منظور کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی سپریم کورٹ آف انڈیا نے اشفاق سعید شیخ کی ضمانت منظور کی تھی، ابتک جمعیۃ علماء کے توسط سے تین لوگوں کی ضمانت منظور ہوچکی ہے۔

مزید پڑھیں:۔Jamit Ulema Effort for Victim : جمعیۃ علماء کی کوشش ایک بار پھر کامیاب


انہوں نے مزید کہا کہ آفتاب سعید احمد شیخ، محمد صغیر محمد بشیر اور محمد اقبال محمد حنیف کی ضمانت پر رہائی کے لیئے کوشش کی جارہی ہیں اور امید ہے کہ انہیں بھی سپریم کورٹ سے ضمانت ملے گی۔ واضح رہے کہ جنوری/فروری 1998میں ممبئی کے مضافات میں واقع ریلوے اسٹیشنوں کانجور مارگ، گورے گاؤں، ملاڈ، ویرار، سانتاکروز اور کاندیولی اسٹیشنوں میں سلسلہ وار بم دھماکے ہوئے تھے جسمیں کل چار افراد ہلا ک اور 30 افراد شدید زخمی ہوئے تھے۔ بم دھماکوں کے بعد ممبئی پولس نے 12 افراد کو گرفتار کیا تھا اور ان پر تعزیرات ہند، آرمس ایکٹ، ایکسپوزیو سبسٹنس ایکٹ وغیرہ کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details