اردو

urdu

مودی حکومت نے ملک کی 60 کروڑ آبادی کو بے روزگار کردیا : طارق انور

By

Published : Oct 8, 2021, 5:35 PM IST

آل انڈیا قومی تنظیم کے قومی صدر طارق انورنے کہا کہ 'نریندر مودی نے وعدہ کیا تھا کہ دوکروڑ لوگوں کو روز گار دیں گے، لیکن یہ سال میں دو کروڑ لوگوں کا روز گار چھین رہے ہیں۔ کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کا وعدہ تھا، لیکن آج یہ لوگ طاقت کے نشے میں کسانوں کو روندنے کا کام کررہے ہیں۔ جو کسان ہمارے لیے دووقت کی روٹی اگاتا ہے آج اسی کسان کو تباہ و برباد کیا جارہا ہے۔

طارق انور
طارق انور

دہلی پردیش قومی تنظیم کے زیر اہتمام ضلع نجف گڑھ قومی تنظیم کی جانب سے منعقدہ قومی یکجہتی کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے آل انڈیا قومی تنظیم کے قومی صدر طارق انور نے کہا کہ 'جس طرح سے نفرت پھیلانے کا کام آر ایس ایس، بی جے پی اور اس کے لوگ کررہے ہیں اور حکومت میں بیٹھے لوگ نفرت پھیلانے والوں کی پشت پناہی کر رہے ہیں وہ گاندھی کے بھارت کے لئے ٹھیک نہیں ہے اس لئے آل انڈیا قومی تنظیم نے پورے ملک میں نفرت چھوڑو بھارت جوڑو مہم کی شروعات کی ہے اور یہ مہم کامیابی کیساتھ جاری بھی ہے۔

طارق انور نے کہا کہ ایسے تمام لوگ جو گاندھیائی نظریہ میں یقین رکھتے ہیں ان کا قومی تنظیم میں استقبال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں بے روزگاری 45 سال کا ریکارڈ توڑ چکی ہے 55 سے 60 کروڑ لوگ خط افلاس سے نیچے ہیں اور غربت کا عالم یہ ہے کہ آج 80 کروڑ آبادی حکومت کی جانب سے دیے جانے والے اناج پر منحصر ہوکر رہ گئی ہے اور بی جے پی ایسی صورتحال پیدا کرنا چاہتی ہے کہ لوگوں کو دو وقت کی روٹی جب ملے تو وہ کہیں کہ مودی کی وجہ سے ہی روٹی ملی ہے اور اس کے بعد کیا ہوگا اس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے وعدہ کیا تھا کہ دوکروڑ لوگوں کو روز گار دیں گے، لیکن یہ سال میں دو کروڑ لوگوں کا روز گار چھین رہے ہیں۔ کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کا وعدہ تھا، لیکن آج یہ لوگ طاقت کے نشے میں کسانوں کو روندنے کا کام کررہے ہیں۔ جو کسان ہمارے لیے دووقت کی روٹی اگاتا ہے آج اسی کسان کو تباہ و برباد کیا جارہا ہے۔

طارق انور نے کہاکہ فرقہ پرستی اپنے شباب پر ہے اس لیے ضروری ہے کہ پہلے ملک کو فرقہ پرستی سے بچایا جائے اور ہمارے بزرگوں نے جو بھارت ہم کو سونپا تھااس کی حفاظت کی جائے ۔ ان کے خوابوں کا بھارت بنایا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ ایسا لگتا ہے کہ ہمارے ملک کو بانٹنے کی سازش ہورہی ہے ۔ پوری دنیا میں بھارت کی امیج خراب ہورہی ہے ۔ملک سے غداری کا جو قانون انگریزوں نے اپنی حکومت بچانے کیلئے بنایاتھا اس قانون کا غلط استعمال کرکے ہر آدمی کو وطن دشمن بتانے کی سازش ہورہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہندو کو مسلمان سے لڑانے کی سازش اس لئے ہورہی ہے تاکہ اصل ایشو سے ایجنڈے کو ڈائیورٹ کیا جاسکے۔ آج میڈیا بھی اصل ایشو پر بحث نہیں کرنا چاہتا ہے ۔ایسے ایشوز زیر بحث لائے جاتے ہیں جن کا عام آدمی سے کوئی تعلق نہیں ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جیسے ہی الیکشن قریب آرہا ہے ویسے ہی فرقہ پرستی کا ناگ ایک بار پھر کمزروں کو ڈسنے کیلئے پھن پھیلائے کھڑا ہے اور اس سے بچائو کا واحد راستہ گاندھی کا نظریہ حیات ہے۔ اس موقع پر قومی تنظیم دہلی پردیش کے صدر ہدایت اللہ جنٹل نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کسی کو ہرانے اور جتانے کیلئے کام نہ کریں بلکہ دیکھیں کہ کون ان کی لڑائی لڑ رہا ہے ورنہ ایک دن ایسے آئے گا کہ لوگ کمزروں کے بارے میں بولنا بھی چھوڑ دیں گے۔ پروگرام کی نظامت کررہے مولانا قمرالدین (قومی سکریٹری آل انڈیا قومی تنظیم ) نے لوگوں سے گاندھی کے راستے پر چلنے کی اپیل کرتے ہوئے قومی تنظیم سے جڑنے کی اپیل کی۔


مزید پڑھیں:لکھیم پور تشدد معاملہ: سپریم کورٹ نے یوپی حکومت کی سخت سرزنش کی


اس موقع پر قومی تنظیم کے قومی جنرل سکریٹری آرگنائزیشن محمد احمد، ضلع نجف گڑھ صدر رفیع الدین خان، قومی تنظیم کراری ضلع صدر حاجی انتظار، سکندر، مولانا عبد الرشید، مولانا مقبول احمد، مہیش دویدی، قیصرانصاری، انسان علی، مولانا تصور نظامی، قاری سلیم، حافظ انصار، قاری اعجاز، ممتاز عالم، شاہ نوازحسین سمیت سیکڑوں لوگ موجود تھے۔

یو این آئی

ABOUT THE AUTHOR

...view details