عام آدمی پارٹی کی خواتین سیل کی ریاستی صدر نیلم یادو نے بی جے پی پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ ہم ترنگا یاترا کے ذریعہ حقیقی قوم پرستی کا پیغام لوگوں تک پہنچانے کا کام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے نفرت پھیلانے اور لوگوں کو آپس میں لڑانے کے لیے ذات پات اور مذہب کی سیاست کی ہے۔ جب کہ عام آدمی پارٹی کی قوم پرستی یہ ہے کہ ہندو، مسلم، سکھ، عیسائی، سب ہیں آپس میں بھائی بھائی۔
انہوں نے کہا کہ چھوٹے بچوں کے لیے معیاری اور مفت تعلیم ہی ہمارے لیے سچی قوم پرستی ہے۔ کسان، رکشہ ڈرائیور، مزدور اور عام آدمی کے لیے مفت علاج کا انتظام ہونا چاہیے۔ خواتین کا تحفظ، مفت بس سفر اور بزرگوں کے لیے پنشن جاری کرنا ہی عام آدمی پارٹی کی سچی قوم پرستی ہے۔