کورونا وبا سے متاثر مریضوں کی موت کے بعد انکی آخری رسومات کے لیے حکومت نے مالی امداد دینے کا اعلان کیا تھا۔ بہار حکومت نے اس کے لیے سبھی میونسپل کارپوریشن اور نگر پنچایت کو ہدایت دی تھی کہ وہ اپنے علاقوں میں اسکا فائدہ پہنچائیں۔ ساتھ ہی رقم مختص کرنے کی بھی میونسپل کارپوریشن کو ذمہ داری سونپی گئی تھی کہ وہ اپنی سطح سے تفتیش کر کے رقم مختص کریں اور مرنے والوں کی آخری رسومات ادا کرائیں۔
گیا میونسپل کارپوریشن نے اس کے تحت کل 99 لوگوں کی آخری رسومات ادا کروائی یا پھر اس کے لیے لواحقین کو رقم دستیاب کرایا ہے۔ ان ننانوے افراد میں صرف دو مسلمان ہیں جن کی تدفین کے لیے 8850 روپے دیے گئے ہیں۔
اس سلسلے میں گیا میونسپل کارپوریشن کے کمشنر ساون کمار نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ کورونا وبا کی وجہ سے جن کی موت ہوئی تھی، ان میں جنکے رشتے داروں کی طرف سے رسومات کرانے کی مانگ کی گئی تھی انہیں مدد پہنچائی گئی۔ غیر مسلموں کے لیے 9 ہزار روپے آخری رسومات کے لیے مختص تھے جبکہ مسلمانوں کے لیے 8500 تھے۔