جے پور، لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے آج راجستھان ایسوسی ایشن آف اسپائسز (راجستھان مسالہ سنگھ ) جے پور کے زیر اہتمام بین الاقوامی بزنس میٹ کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راجستھان بہادری، عزت نفس، ہمت اور ثقافت کے لیے جانا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ راجستھان کی شہرت میں کسانوں، تاجروں اور سماجی کارکنوں کا اہم رول ہے۔
راجستھان کی آب و ہوا کا ذکر کرتے ہوئے اوم برلا نے کہا کہ اگرچہ ریاست میں کم بارش ہوتی ہے لیکن کسانوں اور تاجروں کی محنت نے اس زمین کو سیراب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی اس محنت اور لگن نے راجستھان کو خوشحال بنایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ راجستھان کی سرزمین مرودھرا کے نام سے جانی جاتی ہے، لیکن لوگوں کی محنت کی وجہ سے یہ سرزمین اناپورنا بھی ہے۔مسٹر برلا نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ آج راجستھان کے مصالحے دنیا بھر میں مشہور ہیں۔
اوم برلا نے بتایا کہ راجستھان کے مختلف علاقے مختلف مصالحوں کے لیے مشہور ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خاص طور پر کچھ مصالحے صرف راجستھان میں پائے جاتے ہیں۔ دنیا کے کئی ممالک میں اپنے دوروں کا ذکر کرتے ہوئے لول سبھا کے اسپیکر نے کہا کہ ہندوستان کے مصالحے ہزاروں برسوں سے پوری دنیا میں مشہور ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان کے مصالحے افریقہ، یوروپ اور مشرق وسطیٰ کے تمام خطوں میں بہت مشہور ہیں۔
زراعت کے شعبے کے تناظر میں برلا نے کہا کہ آج کے دور میں بہت سے کسان ترقی پسند ہیں وہ زیادہ پیداوار، ویلیو ایڈیشن اور پروسیسنگ کی وجہ سے ترقی کی راہ پر گامزن ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ راجستھان ویلیو ایڈیشن کے ذریعے تمام زرعی مصنوعات، خاص طور پر مصالحہ جات اور جڑی بوٹیوں کی پیداوار میں آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے خیال ظاہر کیا کہ زرعی صنعتیں دیہی معیشت کے لیے انتہائی سود مند ثابت ہوئی ہیں۔ بدلتے وقت میں روایتی کھیتی کے ساتھ آرگینک کھیتی اور قدرتی کھیتی پر زور دیتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ آنے والے وقت میں راجستھان کو مصالحوں کی پیداوار کا مرکز بنانے کی ضرورت ہے۔
کسانوں کی مدد کرنے اور برآمد اور پیداوار کے تئیں بیداری بڑھانے کے لیے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے، مسٹر برلا نے کہا کہ کسانوں کو فارمر پروڈکشن آرگنائزیشن (ایف پی او) کے ذریعے منظم انداز میں ترقی کی راہ پر چلنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جدید کاشتکاری کے شعبے میں کام کرنے والے اسٹارٹ اپ ملک اور کسانوں کو نئی ایجادات اور تحقیق کے ذریعے آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ اس تناظر میں مسٹر برلا نے کہا کہ ملک کے نوجوان اپنی ذہنی صلاحیت، اختراع اور نئی ٹیکنالوجی کی مدد سے زمین کے تحفظ کے ساتھ ساتھ پیداوار اور قدر میں اضافے کا کام کر رہے ہیں۔
امرت کے دور میں ہندوستان کے شاندار سفر کا ذکر کرتے ہوئے شری برلا نے کہا کہ خیالات کا تبادلہ جمہوریت کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک ذہن سازی اور بہترین طریقوں کے تبادلے کے ذریعے تبدیلی اور ترقی کی جانب گامزن ہے۔ اسوسی ایشن کی تعریف کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ ان کی کوششوں سے کسانوں کی خوشحالی میں اضافہ ہوا ہے اور سائنسی کاشتکاری نے پیداوار میں اضافہ اور قدر میں اضافے کا کام ممکن بنایا ہے۔
عالمی سطح پر ہونے والی ترقیوں کا ذکر کرتے ہوئے جناب برلا نے کہا کہ زراعت میں کی گئی اختراعات کی وجہ سے دنیا کے کئی ممالک نے ترقی کی ہے۔ اس تناظر میں، انہوں نے امید ظاہر کی کہ FPO کے ذریعے راجستھان آنے والے وقت میں مصالحہ کی صنعت میں 50 فیصد کا حصہ ڈالے گا۔ مسٹر برلا نے یقین ظاہر کیا کہ ان اقدامات سے راجستھان کے کسان مالی طور پر مضبوط ہوں گے اور خود انحصاری کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
اس موقع پر راجستھان ایسوسی ایشن آف اسپائسز کے صدر، ڈائریکٹر اور دیگر ممبران موجود تھے۔
Lok Sabha Speaker Om Birla کسانوں اور تاجروں کی محنت نے راجستھان کی مٹی کو سیراب کیا ہے - لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا
راجستھان کی آب و ہوا کا ذکر کرتے ہوئے اوم برلا نے کہا کہ اگرچہ ریاست میں کم بارش ہوتی ہے لیکن کسانوں اور تاجروں کی محنت نے اس زمین کو سیراب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی اس محنت اور لگن نے راجستھان کو خوشحال بنایا ہے۔
اوم برلا