امریکہ کی پہلی باحجاب جج نادیہ کہف نے جمعرات کو اپنے عہدے کا حلف لیا۔ دو سال کی عمر میں شام سے امریکہ منتقل ہونے والی نادیہ کہف نیو جرسی کے گورنر کی جانب سے نامزد ہونے کے بعد جج بن گئیں۔ وکیل نادیہ کہف امریکہ میں پہلی حجاب پہننے والی جج بن گئیں۔ ریاست نیو جرسی میں اپنے نئے عہدے پر تعینات ہونے کے بعد نادیہ کہف نے اپنی دادی سے وراثت میں ملنے والے قرآن پاک پر ہاتھ رکھ کر حلف لیا۔ 50 سالہ نادیہ کہف نے کہا کہ میں بہت خوش ہوں اور بہت فخر محسوس کر رہی ہوں۔ نادیہ کہف پاسیک کاؤنٹی میں اپنی خدمات انجام دیں گی۔
واضح رہے کہ نادیہ کہف 2 سال کی عمر میں شام سے امریکہ ہجرت کر گئیں۔ وہ ایک عرصے سے ملک میں اسلامی فاؤنڈیشن میں کام کر رہی تھیں۔نادیہ کہف سر پر اسکارف پہننے والی پہلی ریاستی جج بن گئیں، لیکن وہ پہلی مسلمان جج نہیں ہیں۔امریکہ کے مختلف علاقوں میں مسلم خواتین بطور ججز اپنی خدمات انجام دے رہی ہیں۔ اس موقع پر کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز کے نیو جرسی چیپٹر نے آج نادیہ کہف کو نیو جرسی سپیریئر کورٹ میں حلف اٹھانے پر مبارکباد پیش کی۔