گیا: ریاست بہار کے ضلع گیا کے مانپور میں ایک ہندو کنبہ صبح اٹھتے ہی پوجا پاٹھ کے ساتھ اپنے گھر کے احاطے میں واقع قبروں کی زیارت کرتا ہے۔ یہ خاندان سابق ریاستی وزیر اودھیش سنگھ کا ہے، اودھیش سنگھ جس حویلی میں رہتے ہیں اس حویلی کے احاطے کے پچھلے حصے میں اردو ادب کی ایک معروف شخصیت شمس العلماء امداد امام اثر اور انکے کنبہ کے دیگر افراد کی قبریں موجود ہیں۔ ساٹھ برسوں سے اودھیش سنگھ کا کنبہ اس قبرستان کے محافظ ہیں چونکہ یہ اسلیے خاص ہے کیونکہ یہاں محلے میں ایک بھی مسلم طبقے کا گھر نہیں ہے لیکن شب برات کے موقع پر یہاں آس پڑوس کے محلوں کے مسلم باشندے پہنچ کر فاتحہ پڑھتے ہیں۔ یہاں شب برات کے موقع پر اودھیش سنگھ اور انکے اہل خانہ کی طرف سے پہلی چادر دوپہر بعد نماز ظہر پیش کی جاتی ہے اور پھر دیر شام تک لوگوں کی آمد ہوتی رہتی ہے حالانکہ زیادہ تر عام مسلمانوں کو اسکا علم نہیں ہے کہ یہ قبریں کن کی ہیں اور انکی شخصیت کیوں خاص ہے ؟ اہل علاقہ ہندو ہو یا مسلمان سبھی امداد امام اثر کو ' نواب صاحب ' کے نام سے جانتے ہیں۔
دراصل کانگریس کے سنیئر رہنما اور سابق ریاستی وزیر اودھیش سنگھ جس حویلی میں رہتے ہیں وہ حویلی ساٹھ برس قبل اردو کے معروف ناقد، شاعر، محقق اور مصنف امداد امام اثر کی تھی۔ اودھیش سنگھ کہتے ہیں کہ یہ حویلی نواب امداد اثر کی تھی۔ آزادی کے کچھ برسوں بعد امداد امام اثر کے خاندان کے لوگوں نے انکے والد کو فروخت کر دیا تھا، انکے والد نے سنہ 1960میں یہ حویلی خریدی تھی جس وقت یہ حویلی ان کے والد نے خریدی تھی انہیں وصیت کی تھی کہ نواب صاحب اور ان کے گھر کے لوگوں کی قبروں کو اپنے آباو و اجداد کی وراثت سمجھ کر سنبھالنا، اسی روایت کو آج تک یہ لوگ قائم کئے ہوئے ہیں اور اب انہوں نے اس کی ذمہ داری اپنے بیٹے ڈاکٹر سشی شیکھر سنگھ کو سونپی ہے کہ وہ اس قبرستان کی حفاظت زندگی بھر کریں گے۔
اودھیش سنگھ نے قبروں کی حفاظت سے متعلق سوال پر کہا کہ ان کی دعاؤں کی وجہ سے وہ اتنے بڑے مقام پر پہنچے ہیں اور ان کی آستھا ان سے جڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی تو سیکولرازم اور بھارت کی خوبصورتی ہے۔
قبرستان کے احاطے میں موجود مولانا عبد الوکیل صابری نے کہا کہ خاص بات یہ ہے کہ آج کے ناخوشگوار اور مذہبی منافرت کے دور میں بھی کوئی اپنے گھر کے احاطے کے ایک حصے میں قبروں کو آباد رکھے ہے تو واقعی مثالی کام ہے اور یہ گنگا جمنی تہذیب کی بہترین مثال ہے۔ بتادیں کہ اودھیش سنگھ کانگریس کے ایک سینئر رہنما ہیں اور پانچ مرتبہ رکن اسمبلی کے علاوہ مختلف وزرات کی ذمہ داری انجام دے چکے ہیں۔ ڈاکٹر سشی شیکھر نے کہا کہ اس ملک کی یہی خوبصورتی ہے کہ ہم ایک دوسرے کی چیزوں کی حفاظت اور نگہبانی کرتے رہیں اور یہی چیزیں ہمیں منفرد بناتی ہیں۔ والد نے جو ذمہ داری سونپی ہے وہ عقیدت و احترام کے ساتھ کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔