پی ڈی پی صدر و سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے الزام لگایا کہ بی جے پی جموں و کشمیر کے مزید حصے کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو ضلع رام بن کے قصبہ بانہال میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ 'بی جے پی نے جموں و کشمیر کو پہلے ہی دو حصوں میں تقسیم کیا ہے۔ اب وہ اس کو تین حصوں میں تقسیم کرنا چاہتی ہے'۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ 'جموں ڈیکلریشن اور دیگر ڈیکلریشنز کا مقصد یہی ہے۔ وہ لوگوں کو بانٹنا چاہتے ہیں۔ ہمارے سیکولر کردار کو متاثر کرنا چاہتے ہیں'۔
محبوبہ مفتی نے بی جے پی کو ایسٹ انڈیا کمپنی کا نام دیتے ہوئے کہا کہ 'ہمارے یہاں بھی ایک ایسٹ انڈیا کمپنی آئی ہے جس کا نام بی جے پی ہے۔ ایسٹ انڈیا کمپنی باہر کی تھی لیکن یہ لوگ اسی ملک کے رہنے والے ہیں'۔
انہوں نے کہاکہ 'ہمیں جموں و کشمیر کو ان سے آزادی دلانی ہے۔ ملک کے ساتھ ہمارا جھگڑا نہیں ہے۔ ہمارا جھگڑا ان کی پالیسیوں اور ایجنڈے کے ساتھ ہے'۔