وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے گجرات کے کیوڑیا میں مسلح افواج کے کمانڈروں کی ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جوانوں نے بہادری اور ہمت کے ساتھ چین کے منصوبوں کو ناکام بنا دیا اور اس کے لیے تمام جوان مبارکباد کے مستحق ہیں۔
آج صبح کیوڑیا پہنچنے کے فوراً بعد وزیر دفاع مرد آہن سردار ولبھ بھائی پٹیل کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے اسٹیچو آف یونیٹی گئے، اس کے بعد وہ کانفرنس کے مختلف اجلاس میں شامل ہوئے۔
کانفرنس میں افتتاحی تقریر کرتے ہوئے وزیر دفاع نے ملک کے دفاع اور سلامتی کو متاثر کرنے والے کئی امور پر بات چیت کی، انہوں نے ابھرتے ہوئے فوجی خطرات، ان خطرات سے نپٹنے میں مسلح افواج کے اہم کردار اور مستقبل میں جدوجہد کی تبدیل ہوتی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی، چین کے ساتھ ساتھ مشرقی لداخ میں پیدا ہوئے تعطل کے دوران فوجیوں کی بے لوث خدمت اور ہمت کی دل سے تعریف کی اور ان کے تئیں احترام کا اظہار کیا۔
اس موقع پر محکمہ دفاع، دفاعی پیداوار محکمہ اور محکمہ تحقیق وترقی کے سکریٹریوں اور دفاعی خدمات کے مالیاتی مشیر نے بھی مختلف متعلقہ موضوعات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔