نئی دہلی: لوک سبھا میں آج حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ سابق فوجیوں کو روزگار کی سہولت آسانی سے فراہم کرانے کے لیے ایک پورٹل بنایا جائے۔ تلگو دیشم پارٹی کے رام موہن نائیڈو نے وقفہ صفر کے دوران یہ مسئلہ اٹھایا اور حکومت سے اپیل کی کہ وہ سابق فوجیوں کے لیے روزگار تک آسان رسائی کے لیے ایک پورٹل بنائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس طرح کے پورٹل کے ذریعہ سابق فوجیوں کے لئے ملازمتوں کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں تو انہیں آسانی سے معلومات مل جائیں گی۔انہوں نے حکومت سے فوری طور پر پورٹل بنانے کا مطالبہ کیا۔
وقفہ صفر کے دوران بی جے پی کے پی پی چودھری نے راجستھان میں امتحان کے دن بچوں کے لیے انٹرنیٹ بند کرنے کے ریاستی حکومت کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ راجستھان ڈیجیٹل میڈیم استعمال کرنے والی ملک کی بڑی ریاستوں میں سے ایک ہے اور موجودہ حکومت لوگوں کے اظہار رائے کے حق میں مداخلت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راجستھان حکومت سرورز کو بند کر دیتی ہے جس کی وجہ سے نوجوانوں کا نقصان ہوتا ہے۔ انہوں نے مرکزی حکومت پر زور دیا کہ وہ اس مسئلہ پر راجستھان حکومت سے وضاحت طلب کرے۔