امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سے بذریعہ فون ان کے ساتھ افغانستان کی صورتحال اور دفاعی شعبے میں باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
وزارت دفاع کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے افغانستان کی صورتحال، علاقائی اور دو طرفہ اہمیت کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں وزراء نے افغانستان میں خانہ جنگی میں پھنسے لوگوں کے حالیہ انخلاء میں بھارت اور امریکہ کے درمیان تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔
کابل پر طالبان کے قبضے کے بعد بہت سے غیر ملکی اور افغان شہری ملک چھوڑنے پر مجبور ہو ئے ہیں۔ وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے دفاعی شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا اور قریبی تعاون کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ راج ناتھ سنگھ اور آسٹن نے خطے میں عسکریت پسندی کا مقابلہ کرنے کے معاملے پر بھی خیالات کا تبادلہ کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ 'فریقین نے افغانستان سے حالیہ انخلاء میں باہمی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا اور وہاں کی بدلتی صورتحال کے پیش نظر مسلسل رابطے کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔'