گورنر تلنگانہ تمیلی سائی سوندرا راجن نے نئے سال کے موقع پر راج بھون میں عوام کے تجاویز اور مسائل کے حل کے لئے باکس کا افتتاح کیا۔ Telangana Governor Inaugurated Complaint Box اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس باکس میں عوام اپنے مسائل اور تجاویز کو ڈال سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معمول کے مطابق اس ڈبہ کو کھولا جائے گا اورمناسب اقدام کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہر مسئلہ حل نہیں کیا جاسکتا تاہم کوشش اس بات کی رہے گی کہ کم ازکم راج بھون، حکومت اور عوام کے درمیان ایک پُل کاکام کرے۔ ان سے جو بھی ممکن ہوسکے گا وہ مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گی، اگر ان مسائل کو حکومت سے رجوع کرنے کی بات ہوگی تو اس کو حکومت سے رجوع کیا جائے گا، اگر کسی شخص کو مدد کی ضرورت ہوگی تو ان سے جہاں تک ممکن ہوسکے گا، وہ کریں گی۔ وہ تلنگانہ کے عوام سے جڑی رہنا چاہتی ہیں۔ یہ ڈبہ راج بھون کے باہر لگایا جائے گا جس تک عوام کی رسائی ممکن ہوسکے گی۔
گورنر نے کورونا وبا کے دوران آن لائن کلاسس میں دور دراز کے طلبہ کو ہونے والی دشواریوں کو دیکھتے ہوئے ان کی اپیل پر بعض کمپنیوں کی جانب سے آگے آتے ہوئے لیپ ٹاپس فراہم کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ان کمپنیوں کے نمائندوں نے راج بھون میں نئے سال کے موقع پرگورنر سے ملاقات کی۔
انہوں نے کہاکہ لیپ ٹاپس کیلئے دوہزار درخواستیں موصول ہوئیں ہیں، جن میں کافی غریب بچوں، معذورین اور قبائلی طلبہ کو لیپ ٹاپس دیئے گئے۔ آج بھی بعض طلبہ کو یہ لیپ ٹاپس فراہم کئے گئے۔ کمپنیوں کے نمائندوں نے گورنر سے ملاقات کی جس پر گورنر نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ گورنر نے طلبہ کو لیپ ٹاپس بھی حوالے کئے۔