نئی دہلی:قومی دارالحکومت دہلی کےآئی ٹی آئی، کھچڑی پور میں جمعرات کو طلباء کے ساتھ بات چیت کے بعد دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر تعلیم منیش سسودیا نے کہا کہ تربیت حاصل کرنے کے بعد آئی ٹی آئی جیسے اداروں سے نکلنے والے ہونہار طلباء مستقبل کی نئی کہانی لکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک اسی وقت ترقی کرے گا جب ملک کے ہر نوجوان کے پاس ہنر ہو گا، اس لیے ڈگری حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو ہنر مند بننا ہو گا۔ بات چیت کے دوران طلباء نے بتایا کہ آئی ٹی آئی کے پروفیشنل کورسز انہیں گریجویشن کے مقابلے میں زیادہ اعتماد دے رہے ہیں اور اب وہ خوفزدہ نہیں ہیں کہ کورس کے بعد انہیں ملازمت کے لیے بھٹکنا پڑے گا۔ Sisodia Interacts With Students of ITI Khichripur
نائب وزیراعلی نے کہا کہ آج پوری دنیا میں پروفیشنل کورسز پر توجہ دی جارہی ہے۔ بھارت کے ساتھ ساتھ بہت سے ترقی پذیر ممالک میں بھی بچوں کے ذہنوں میں چاہے انچاہے یہ بات ڈالی جاتی ہے کہ اگر انہوں نے گریجویشن نہیں کی تو کچھ نہیں کیا۔ اس کے برعکس ترقی یافتہ ممالک میں ٹکنیکل ایجوکیشن پر توجہ دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج جب آٹھویں جماعت کی اہلیت کے لیے نوکری نکلتی ہے تو ہزاروں گریجویٹ بچے اس نوکری کے حصول کے لیے قطار میں کھڑے ہوتے ہیں۔ ایسی حالت میں اس بیچلر ڈگری کا کیا فائدہ جو آپ کو نوکری نہیں دلا سکے؟