پٹنہ:بہار کے سابق نائب وزیر اعلی اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے راجیہ سبھا رکن سشیل کمار مودی نے آج کہا کہ راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد یادو، سدھاکر سنگھ اور پروفیسر چندر شیکھر کے ذریعے وزیر اعلیٰ نتیش کمار پر کرسی چھوڑنے کے لیے دباؤ بنا رہے ہیں، اس لیے دونوں رہنماؤں کے قابل اعتراض بیانات کے باوجود ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔
سشیل کمار مودی نے جمعہ کو یہاں ایک بیان جاری کیا اور کہا کہ آر جے ڈی ایم ایل اے اور سابق وزیر سدھاکر سنگھ کی بیان بازی تین ماہ سے جاری ہے لیکن انہیں صرف نوٹس دیا گیا ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی پرساد یادو ان کے خلاف کارروائی کرنے کے مجاز ہیں۔ اس میں لالو پرساد یادو کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیجسوی یادو کو اپنا جانشین قرار دینے کے بعد نتیش کمار اب محض ایک نگراں وزیر اعلیٰ بن گئے ہیں۔ وہ آر جے ڈی کے رحم و کرم پر اتنے منحصر ہیں کہ کوئی فیصلہ نہیں لے سکتے۔