نئی دہلی:منی پور وائرل ویڈیو معاملے میں سپریم کورٹ میں آج سماعت ہوگی۔ سی جے آئی کی زیرقیادت بنچ آج اس درخواست پر سماعت کرے گی۔ منی پور وائرل ویڈیو معاملے میں دونوں متاثرہ خواتین بھی سپریم کورٹ پہنچ گئی ہیں۔ دونوں خواتین نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرکے اس معاملے میں مداخلت کی اپیل کی ہے۔ 4 مئی کو ہونے والے جنسی ہراسانی کیس سے متعلق ایف آئی آر کے حوالے سے درخواست دائر کی گئی ہے۔ آپ کو بتا دیں کہ دونوں متاثرہ خواتین نے منی پور حکومت اور مرکز کے خلاف درخواست دائر کی ہے۔ درخواست گزاروں کا مطالبہ ہے کہ ان کی شناخت کا کو مخفی رکھا جائے۔
منی پور میں 4 مئی کو ہجوم کے ذریعہ دو خواتین کو برہنہ کرکے پریڈ کرنے کے معاملے کی تحقیقات سی بی آئی کر رہی ہے۔ اس واقعہ کا ویڈیو 19 جولائی کو وائرل ہوا تھا۔ اس واقعہ کو لے کر ملک بھر میں غم و غصہ پایا گیا۔ 27 جولائی کو مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ میں ایک حلف نامہ داخل کیا، جس میں مرکز کی جانب سے کہا گیا کہ خواتین کی مبینہ جنسی ہراسانی کا معاملہ سی بی آئی کو سونپ دیا گیا ہے۔ منی پور میں 3 مئی کو شروع ہونے والا تشدد رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ دو ماہ بعد بھی صورتحال جوں کی توں ہے۔ سپریم کورٹ نے اس معاملے کا ازخود نوٹس لیا ہے۔ اس معاملے کی آج سپریم کورٹ میں سماعت ہونی ہے۔ تاہم مرکزی حکومت نے اس کیس کی سماعت منی پور سے باہر منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔