نئی دہلی: سپریم کورٹ نے بدھ کو کہا کہ وہ کیرالہ کے صحافی صدیق کپن کی درخواست ضمانت پر 26 اگست کو سماعت کرے گا۔ کپن کو 5 اکتوبر 2020 کو اتر پردیش پولیس نے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون کے تحت گرفتار کیا تھا۔ کپن اتر پردیش کے ہانتھرس میں ایک نابالغ دلت لڑکی کی عصمت دری اور قتل سے پیدا ہونے والی صورت حال کی رپورٹنگ کرنے جا رہے تھے، جب انہیں تین دیگر افراد کے ساتھ گرفتار کر لیا گیا۔Hathras Conspiracy Case
چیف جسٹس این وی رمنا کی سربراہی والی بنچ کے خصوصی تذکرے کے دوران ملزم صحافی کے وکیل ہیرس بیرن نے فوری سماعت کا مطالبہ کیا۔ بنچ نے ان کی درخواست کو جلد سماعت کی اجازت دیتے ہوئے جمعہ کو معاملہ درج کرنے کی ہدایت دی۔ الہ آباد ہائی کورٹ کی لکھنؤ بنچ نے 2 اگست کو کپن کی ضمانت کی عرضی کو مسترد کر دیا تھا۔ ضمانت کی درخواست خارج ہونے پر درخواست گزار کا دعویٰ ہے کہ ضمانت کی عدم دستیابی کی وجہ سے "اسے ایک اہم حق سے محروم کر دیا گیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کو تقریباً دو سال سے جھوٹے الزامات کی بنیاد پر سلاخوں کے پیچھے رکھا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ صرف اس وجہ سے کہ اس نے بدنام زمانہ ہانتھرس عصمت دری اور قتل کیس کی رپورٹنگ کی اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داری ادا کرنے کی کوشش کی۔ درخواست میں عدالت کو آگاہ کیا گیا ہے کہ درخواست گزار جس گاڑی میں سفر کر رہا تھا اس کے ڈرائیور کی ضمانت منظور کر لی گئی ہے۔