نئی دہلی: سپریم کورٹ نے ہفتہ کو دہلی یونیورسٹی کے سابق پروفیسر جی۔این سائبابا اور دیگر کو ممنوعہ نکسلیوں کے ساتھ مبینہ تعلق کے معاملے میں بامبے ہائی کورٹ کی ناگپور بنچ کے رہائی کے فیصلے پر روک لگا دی ہے۔SC stays Bombay High Court's Order
جسٹس ایم آر شاہ اور جسٹس بیلا ایم ترویدی کی خصوصی بنچ نے متعلقہ فریقوں کے دلائل سننے کے بعد ہائی کورٹ کے فیصلے پر روک لگانے کا حکم جاری کیا۔ تاہم عدالت عظمیٰ نے پروفیسر سائبابا اور دیگر کو متعلقہ عدالت میں ضمانت کی درخواست دائر کرنے کی اجازت دی۔ مہاراشٹر حکومت نے ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو جمعہ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا، جس میں پروفیسر سائبابا اور دیگر کو رہا کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔
ریاستی حکومت نے جمعہ کو سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا اور ہائی کورٹ کے فیصلے کے اعلان کے فوراً بعد اسے منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا تھا، لیکن جسٹس ڈی وائی۔ چندر چوڑ اور جسٹس ہیما کوہلی نے فیصلے پر فوری روک لگانے کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔
تاہم، بعد میں سپریم کورٹ نے ہفتہ کو اس معاملے کی سماعت کرنے کا فیصلہ کیا اور ریاستی حکومت کی 'خصوصی درخواست' جسٹس شاہ اور ترویدی کی بنچ کے سامنے لسٹڈ کی گئی تھی۔
جمعہ کو (ہائی کورٹ کے فیصلے کے کچھ دیر بعد) جسٹس چندرچوڑ اور جسٹس ہیما کوہلی کی بنچ کے سامنے سالیسٹر جنرل تشار مہتہ ریاستی حکومت کی طرف سے پیش ہوئے اور پروفیسر سائبابا کو بری کرنے کے ہائی کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے اس (فیصلے) پر فوری روک لگانے کی درخواست کی تھی۔