سپریم کورٹ نے جنتر منتر پر ستیہ گرہ کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے پیر کو کہا کہ عدالت اس بات پر غور کرے گی کہ کیا احتجاج کرنے کا حق ہے درحقیقت ایک بنیادی حق ہے۔
جسٹس اے ایم کھانولکر کی سربراہی میں بنچ نے راجستھان کے کسانوں کی تنظیم 'کسان مہا پنچایت' کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے لکھیم پور کھیری تشدد میں کئی کسانوں اور دیگر کی ہلاکت کو بدقسمتی قرار دیتے ہوئے اس طرح کے پر تشدد تحریکوں پر سوال کرتے ہوئے سخت تنقیدیں کی۔
عدالت عظمیٰ نے کہا کہ احتجاج کرنے کے بنیادی حقوق کے معاملے پر ایک بڑا بنچ غور کرے گا۔ اس موضوع سے متعلق دیگر زیر التوا معاملات کو عدالت عظمیٰ میں منتقل کیا جائے گا۔
سپریم کورٹ نے پوچھا کہ نئے زرعی قوانین پر مرکز کی پابندی کے بعد بھی سڑکوں پر احتجاج کیوں کیا جا رہا ہے؟ عدالت نے زرعی قوانین کو روک دیا ہے اور ایگزیکٹو نے ان پر عمل درآمد نہیں کیا ہے۔ اس کے باوجود ہر روز سڑکوں پر مظاہرے کیے جا رہے ہیں ، لیکن پرتشدد واقعات کی صورت میں کوئی بھی ذمہ داری قبول نہیں کرتا۔
عدالت نے کہا کہ زرعی قوانین کی صداقت کا فیصلہ عدالت کے علاوہ کوئی اور نہیں کرسکتا اور صرف عدالت اس سے متعلقہ تمام ضروری سماعت کر رہی ہے۔