نئی دہلی: سپریم کورٹ نے تمل ناڈو اور مہاراشٹر حکومت کے قوانین کو چیلنج کرنے والی درخواستوں کے ایک بیچ پر جمعرات کو اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا جس میں سانڈوں کو قابو میں کرنے والے کھیل جلی کٹو اور بیل گاڑیوں کی دوڑ کی اجازت دی گئی تھی۔ جسٹس کے ایم جوزف کی سربراہی میں پانچ ججوں کی آئینی بنچ نے تمام درخواست گزاروں اور جواب دہندگان – مرکز، تمل ناڈو اور مہاراشٹر حکومتوں اور دیگر کے دلائل کو سنا اور آج اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا۔
عدالت عظمیٰ نے سینئر وکلاء بشمول تمل ناڈو کی طرف سے پیش ہونے والے ایڈوکیٹ مکل روہتگی اور مداخلت کاروں کی نمائندگی کرنے والے کئی دیگر وکلاء کے دلائل سنے۔ جسٹس اجے رستوگی، انیرودھا بوس، ہرشیکیش رائے اور سی ٹی روی کمار نے تمام فریقوں سے کہا کہ وہ ایک ہفتہ کے اندر تحریری گذارشات کی اجتماعی کمپائلیشن دائر کریں۔
عدالت عظمیٰ نے پہلے کہا تھا کہ جانوروں پر ظلم کی روک تھام (تمل ناڈو ترمیمی) ایکٹ 2017 کو چیلنج کرنے والی درخواستوں کا فیصلہ ایک بڑی بنچ کے ذریعے کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ان میں آئین کی تشریح سے متعلق اہم سوالات شامل ہیں۔بنچ نے پانچ سوالات بنائے جن کا فیصلہ لارجر بنچ نے کیا تھا۔
جانوروں کے حقوق کے ادارے پیٹا کی طرف سے دائر کی گئی ایک سمیت متعدد درخواستوں نے ریاستی قانون کو چیلنج کیا ہے جس نے تمل ناڈو میں بیلوں کو قابو میں کرنے والے کھیل کی اجازت دی تھی۔ سینئر ایڈوکیٹ سدھارتھ لوتھرا نے عرضی گزاروں کی طرف سے پیش ہوتے ہوئے کہاکہ 'محض سرگرم دعوے کی وجہ سے بنیادی حق کا درجہ نہیں دیتی۔ جلی کٹو کو ثقافت کا حصہ قرار دینے کی کوئی بنیاد نہیں ہے۔'