نئی دہلی:سپریم کورٹ نے عتیق احمد کی سکیورٹی کی درخواست پر غور کرنے سے انکار کردیا۔ سپریم کورٹ نے عتیق احمد کے وکیل کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی شکایات لے کر ہائی کورٹ سے رجوع کریں۔ عتیق احمد نے امیش پال قتل کیس میں اتر پردیش کی جیل منتقل پر جان کے خطرے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے درخواست دائر کی تھی۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ سابق ایم پی عتیق احمد اور ان کے بھائی خالد عظیم عرف اشرف کو 2005 میں اس وقت کے بہوجن سماج کے قتل کیس کے گواہ امیش پال کے اغوا کے سلسلے میں اتر پردیش کے پریاگ راج میں پیش کیا جا رہا ہے۔
عتیق اور اشرف پر گزشتہ ماہ 2005 میں راجو پال کے قتل کے اہم گواہ امیش پال کے قتل کی سازش کا بھی الزام ہے۔ 24 فروری کو پریاگ راج میں امیش پال اور ان کی حفاظت میں تعینات دو پولیس اہلکاروں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ پال کی بیوی جیا کی شکایت پر عتیق احمد، اس کے بھائی اشرف، بیوی شائستہ پروین، دو بیٹوں، معاونین گڈو مسلم اور غلام اور نو دیگر کے خلاف پریاگ راج کے دھومان گنج پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ 25 جنوری 2005 کو بی ایس پی ایم ایل اے راجو پال کے قتل کے بعد اس وقت کے ضلع پنچایت ممبر امیش پال نے پولیس کو بتایا تھا کہ وہ اس قتل کا عینی شاہد ہے۔