نئی دہلی:سپریم کورٹ نے منگل کو بلقیس بانو کیس کی سماعت کے لیے رضامندی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد ہی اس کے لیے ایک خصوصی بنچ تشکیل دے گی۔ چیف جسٹس ڈی وائی جسٹس چدر چوڑ کی سربراہی والی بنچ نے بلقیس کی وکیل شوبھا گپتا کی عرضی پر سماعت کرنے پر اتفاق کیا۔ خصوصی تذکرے کے دوران وکیل نے اس معاملے کی جلد سماعت کی درخواست کی تھی۔
بلقیس بانو نے عدالت عظمیٰ میں ایک رٹ پٹیشن دائر کی تھی جس میں گینگ ریپ کے 11 مجرموں کی بریت یا قبل از وقت رہائی کو چیلنج کیا گیا تھا۔ 15 اگست کو گجرات حکومت نے عمر قید کی سزا پانے والے 11 مجرموں کو رہا کیا تھا۔ حکومت نے 2008 میں عمر قید کی سزا پانے والے تمام 11 مجرموں کو سزا کے وقت گجرات میں رائج معافی کی پالیسی کے مطابق رہا کر دیا تھا۔