چنڈی گڑھ: پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان نے اتوار کو کہا کہ ریاست میں امن و امان کو خراب کرنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا۔ وارث پنجاب دے سنگھٹن کے سربراہ امرت پال سنگھ کی گرفتاری پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بھگونت مان نے کہا کہ انہیں ہفتہ کی رات ہی روڈے گاؤں میں ان کے چھپے ہونے کی اطلاع ملی تھی لیکن وہ کوئی خونریزی نہیں چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پوری رات جاگ کر پورے واقعہ پر نظر رکھے ہوئے تھے۔ انہوں نے پولیس انتظامیہ کو پوری چوکسی استعمال کرنے کی ہدایت دی تھی۔
مان نے کہا کہ چند ماہ قبل کچھ لوگوں نے ریاست میں امن و قانو کو بگاڑنے کی کوشش کی تھی۔ انہوں نے نوجوانوں کو زبردستی ہتھیار تھمانے کی کوشش کی تھی۔انہوں نے بتایا کہ 18 مارچ کو امرت پال سنگھ اپنے ساتھیوں کے ساتھ گرو مہاراج کی پالکی صاحب کے آڑ میں اجنالہ کے تھانے میں داخل ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم چاہتے تو انہیں اسی دن گرفتار کر سکتے تھے لیکن ہم کسی قسم کی خونریزی نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ پولس اہلکار زخمی ہوئے تھے لیکن پولیس نے انتہائی تحمل کے ساتھ حالات پر قابو پالیا اور بالآخر آج امرت پال سنگھ کو گرفتار کر لیا گیا۔