ریاست مہاراشٹر کے مسلم اکثریتی شہر مالیگاؤں میں تریپورہ تشدد معاملہ (Tripura Violence) کے خلاف ہونے والے احتجاج کے دوران تشدد بھڑک اٹھا تھا جس پر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے رکن اسمبلی مفتی محمد اسماعیل قاسمی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کی تعداد میں اضافے کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر مفتی محمد اسماعیل قاسمی نے کہا کہ مالیگاؤں بند کے دوران جو تشدد ہوا وہ شہر اور اہالیان شہر کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے اور یہ مالیگاؤں کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مالیگاؤں ماضی میں ہوئے واقعات کی وجہ سے بدنام ہے کہ یہاں فرقہ وارانہ فسادات ہوتے رہتے ہیں، لیکن سنہ 2001 کے بعد سے یہاں کی عوام نے یہ سمجھ لیا ہے کہ فسادات ہونے سے خود کا ہی نقصان ہوتا ہے۔
مفتی محمد اسماعیل قاسمی نے مزید کہا کہ بند کے دوران جو تشدد ہوا اس میں دونوں سماج کے لوگوں نے بہت ذمہ داری اور صبر کے ساتھ حالات کو سنبھالنے کی کوشش کی اور کچھ حد تک کامیاب بھی رہے۔ اس لیے کل جو بھی واقعہ پیش آیا ہے، وہ شہریان کیلئے انتہائی افسوس ناک ہے۔