نئی دہلی: مرکزی آیوش وزیر سربانند سونووال نے جمعہ کو ریاستوں سے یوگا کے عالمی دن کو گھر گھر پہنچانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ روایتی طبی علم اور نظام کو ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کیا جانا چاہئے۔ سونووال نے یہاں قومی آیوش مشن کے دو روزہ کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومتوں کو آیوش کے پرانے علم اور عمل کو بانٹنے کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا، 'میں چاہتا ہوں کہ آپ سبھی اپنی اپنی ریاستوں میں یوگا کے بارے میں پیغام لے جائیں تاکہ آنے والے بین الاقوامی یوم یوگا ڈے آئی ڈی وائی 2023 میں زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔'
کانفرنس کے دوران ریاستی اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی حکومتوں کے صحت اور آیوش کے وزراء کے لیے ایک اہم گول میز کانفرنس ہوئی۔ کانفرنس کا بنیادی مقصد ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں قومی آیوش مشن کے ذریعے آیوش کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنا تھا۔ کانفرنس سونووال، آیوش کے وزیر مملکت ڈاکٹرمنجپارہ مہندر بھائی، اتر پردیش کے دیا شنکر مشرا 'دیالو'، مدھیہ پردیش کے رام کشور کاورے، جھارکھنڈ کے بننا گپتا، میزورم کے ڈاکٹرآر للتھنگلیانہ، اروناچل پردیش کے الولیبانگ، آسام کے کیشب مہنت، ناگالینڈ کے ایس پنگنیو فوم اور جموں و کشمیر کے نائب گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر موجود تھے۔ ڈاکٹر منجپارہ مہندر بھائی نے کہا کہ مربوط آیوش ہیلتھ کیئر سسٹم کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے، جس نے لوگوں کو آیوش ہیلتھ کیئر سسٹم سے جوڑا ہے۔ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو زیادہ سے زیادہ لوگوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے کام کرنا چاہیے۔'