ملک بھر میں کورونا وائرس کی نئی لہر نے تباہی مچا رکھی ہے۔ اس پریشانی کے متعلق جمعہ کو سپریم کورٹ میں اہم سماعت ہوئی۔ سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت سے کووڈ کے متعلق نیشنل پلان طلب کیا ہے، ساتھ ہی تشویش کا بھی اظہار کیا ہے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر جو لوگ اپنی پریشانی ظاہر کر رہے ہیں، ان کے ساتھ برا سلوک نہیں کیا جانا چاہئے۔
عدالت میں سماعت کے دوران جسٹس چندرچور نے کہا کہ میں یہاں پر ایک سنگین معاملہ اٹھانا چاہتا ہوں۔ اگر کوئی بھی باشندہ سوشل میڈیا یا کسی دیگر پلیٹ فارم پر اپنے مسائل بتاتا ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ وہ غلط ہی ہے۔ کسی بھی طرح کی جانکاری کو دبایا نہیں جا سکتا ہے۔
سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ ہم اس وقت بحران کی حالت سے گزر رہے ہیں۔ ایسے میں عام لوگوں کی بات سننا بہت ضروری ہے۔