جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع میں بھاری برفباری کے بعد قومی شاہراہ کو ٹریفک کی آمدورفت کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر کے میدانی علاقوں میں ہلکی جبکہ پہاڑی علاقوں میں بھاری برفباری ہو رہی ہے۔ جس کی وجہ سے جموں سرینگر قومی شاہراہ پر پھسلن پیدا ہونے اور کئی مقامات پر چٹانیں کھسکنے کی وجہ سے قومی شاہراہ پر ٹریفک کی آمد رفت کو معطل کر دیا گیا۔
ٹریفک حکام کے مطابق بھاری برف باری کے سبب قومی شاہراہ کو احتیاطی طور پر بند کر دیا گیا ہے، موسم خوشگوار ہونے کے بعد ٹریفک کو دوبارہ بحال کر دیا جائے گا۔ ٹریفک کی نقل و حمل بند ہونے کے سبب قومی شاہراہ کے اطراف سینکڑوں مال برادار گاڑیاں درماندہ ہیں۔ ٹریفک حکام نے ایڈوائزی جاری کرتے ہوئے لوگوں سے کہا کہ وہ فی الحال شاہراہ پر سفر کرنے سے گریز کریں اور لوگ جانکاری کے لئے ٹریفک کنٹرول روم کے نمبرات پر رابطہ قائم کر سکتے ہیں۔