نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ کھلاڑی بین الاقوامی اور قومی مقابلوں میں ٹاپ کر کے اور نئے ریکارڈ بنا کر ملک کا سر فخر سے بلند کر رہے ہیں۔ مودی نے اتوار کو یہاں من کی بات پروگرام میں کہا کہ اس مہینے کھیلوں کی دنیا سے بھارت کے لیے بہت سی بڑی خبریں آئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بھارت کی بین الاقوامی مقابلوں میں کوئی جگہ نہیں تھی لیکن آج بھارتی کھلاڑی ہر کھیل میں اپنی موجودگی درج کروانے کے ساتھ ترنگے کی شان میں اضافہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے خواتین کے جونیئر ایشیا کپ، مردوں کے ہاکی ٹیم کے جونیئر ایشیا کپ اور جونیئر شوٹنگ ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی کھلاڑیوں نے جس طرح سے ان کھیلوں میں ترنگے کی شان بلند کی ہے وہ قابل تعریف ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے نوجوانوں کی اصل طاقت ہے۔ اس طرح کے کئی کھیل اور مقابلے ہیں، جہاں آج پہلی بار ہندوستان اپنی موجودگی کا احساس دلارہا ہے، وہیں لمبی چھلانگ میں سری شنکر مرلی نے ملک کا نام روشن کیا ہے۔ اس مقابلے میں ہندوستان کا یہ پہلا تمغہ ہے۔ ایسی ہی ایک کامیابی ہماری انڈر17 خواتین کی ریسلنگ ٹیم نے کرغزستان میں بھی درج کرائی ہے۔ میں ان تمام کھلاڑیوں، ان کے والدین اور ملک کے کوچز کو ان کی کوششوں کے لیے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیابی کے پیچھے کھلاڑیوں کی محنت ہے جس سے دیگر کھلاڑیوں کو بھی تحریک لینا چاہیے۔