نئی دہلی: ریسلنگ فیڈریشن باڈی کو معطل کرنے کے فوراً بعد مرکزی حکومت نے انڈین اولمپک ایسوسی ایشن (IOA) سے کہا ہے کہ وہ ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کو چلانے کے لیے پینل تشکیل دے۔ وزارت کھیل نے انڈین اولمپک ایسوسی ایشن سے درخواست کی ہے کہ وہ ریسنگ فیڈریشن آف انڈیا (WFI) کے معاملات کو کنٹرول کرنے کے لیے ایک ایڈہاک کمیٹی تشکیل دے۔ واضح رہے کہ مرکزی حکومت کی ہدایت کے بعد آئندہ 48 گھنٹوں میں یہ کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔
مرکزی حکومت کے انڈر سیکرٹری، ترون پاریک کے دستخط شدہ خط میں کہا گیا کہ ڈبلیو ایف آئی کے سابق عہدیداروں کے اثر و رسوخ سے پیدا ہونے والی موجودہ صورتحال سے فیڈریشن کی سالمیت کے بارے میں سنگین خدشات پیدا ہوگئے ہیں، اس لیے کھیلوں کی تنظیموں میں گڈ گورننس کے اصولوں کو برقرار رکھنے کے لیے فوری اور سخت اصلاحی اقدامات کی ضرورت ہے اور اب یہ آئی او سی کا فرض بنتا ہے کہ وہ ڈبلیو ایف آئی کے معاملات کو سنبھالنے کے لیے عبوری مدت کے لیے مناسب انتظامات کرے، تاکہ ریسلنگ ڈسپلن کے کھلاڑی کسی بھی طرح سے متاثر نہ ہوں۔