بھاگلپور: ریاست بہار کے بھاگلپور میں اردو طلبا کی حوصلہ افزائی کے لئے انعامی تقریری مسابقہ کا انعقاد کیا گیا۔ اردو ڈائریکٹوریٹ بہار پٹنہ کی ہدایت پر اردو زبان سیل کے زیراہتمام بھاگلپور میں واقع مسلم مائنارٹی کالج میں طلبہ کے لیے اردو میں دو روزہ تقریری مقابلہ کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کے دوسرے دن تقریری مسابقے میں اول تا سوم آنے والے طلباء کو ڈی آر ڈی او کے ڈائریکٹر مرتنجے کمار کے ہاتھوں خصوصی انعامات سے نوازا گیا۔ Urdu Competition in Bhagalpur
بھاگلپور میں اردو طلبا کی حوصلہ افزائی کیلئے انعامی تقریری مسابقہ اس کے علاوہ شرکاء کو توصیفی اعزازات بھی دیے گئے۔ اس موقع پر طلبا سے خطاب کرتے ہوئے مرتجنے کمار نے اردو کے تعلق سے مایوسی کا اظہار کرنے والوں کی باتوں کو درکنار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بالکل بھی نہیں لگتا ہے کہ اردو زبان کو کوئی خطرہ لاحق ہے، بلکہ انہیں امید ہے کہ اردو اپنی چاشنی کو بدولت مزید لوگوں کو اپنی جانب متوجہ کر رہی ہے لہذا اس زبان کا مزید فروغ ہوگا۔
پروگرام میں مہمان اعزازی کے طور پر شریک مونگیر یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر شاہد رضا جمال نے اس تقریری مقابلے میں بچوں کی کثیر تعداد میں شرکت کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ تقریری مقابلے میں 55 بچوں نے شرکت کی، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اردو زبان کے تعلق سے مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ اس طرح کے مزید پروگرام منعقد کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اردو کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اردو کو محض زبان ہی نہیں بلکہ تہذیب کا علمبردار قرار دیا۔ اس تقریری مقابلے میں انعامات حاصل کرنے والے طلباء و طالبات نے خوشی کا اظہار کیا اور اردو ڈائریکٹوریٹ کا شکریہ ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پٹنہ اردو زبان سیل کے زیر اہتمام حوصلہ افزائی مسابقہ پروگرام کا انعقاد
واضح رہے کہ اردو ڈائریکٹوریٹ پٹنہ کے زیر اہتمام ہر سال طلباء کے تقریری مسابقے کا اہتمام کیا جاتا ہے اور اول تا سوم آنے والے طلباء کو ایک مختص رقم دی جاتی ہے۔ اس موقع پر اردو زبان سیل کے ملازمین اور مترجم صاحبان موجود تھے، جن میں ڈاکٹر حبیب مرشد خان، شبیر عالم، افشاں جبیں، شاہ نہال اختر، کلیم آزر، جمیل اختر، مہ جبیں، توقیر عالم، مہرالنساء، ناہید کشور، جتندر کمار، کلیم الدین، فرحت بانو وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔