مرادآباد: اترپردیش کے ضلع مرادآباد میں بلقیس بانو معاملے کی حمایت میں نکالے گئے مشعل جلوس کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کرنے اور پولیس سے بدسلوکی کرنے کے الزام میں سماج وادی پارٹی(ایس پی) کے سابق مہانگر صدر شان عالم شانو کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ اس معاملے میں تین نامزد اور 40نامعلوم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ Objectionable Remarks Against PM Modi
پولیس ترجمان نے پیر کو بتایا کہ بغیر اجازت جلوس نکالنے کے دوران پولیس سرکل افسر کوتوالی مہیش چند، پولیس ٹیم کے ساتھ موقع پرپہنچے تھے۔ جب پولیس نے ان لوگوں کو جلوس نکالنے سے روکا تو پولیس اہلکار کے ساتھ بھی بدسلوکی کی گئی۔ ایس پی کے سابق مہانگر صدر شان عالم شانو اور سی او کے درمیان کافی بحث ہوئی۔ الزام ہے کہ ایس پی رہنماوں کے ذریعہ غلط بیان بازی اور پولیس سے نونک جھونک کے ساتھ بدسلوکی کی گئی تھی۔ مشعل جلوس روکنے کے لئے الگ الگ مقامات پر گھیرا بندی کی گئی لیکن ایس پی کارکنوں نے پولیس کی اپیل کو نظر انداز کرتے ہوئے بیریکیڈنگ کو ہٹا کر منڈی چوک کی جانب نکل گئے۔