گلمرگ:کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں کا تیسرا شمارہ اس وقت شمالی کشمیر کے گلمرگ میں جاری ہے۔ جہاں ایک طرف کھلاڑی پُر امید نظر آرہے ہیں۔ وہیں کچھ خاص شائقین اپنے من پسند کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے بھی پہنچے ہوئے ہیں۔ ایسے ہی ایک دہلی کے سنو بورڈ کے اروں چھتری کے بیٹے ارناؤ بھی گلمرگ پہنچے ہیں۔ ارناؤ صرف ڈھائی برس کے ہیں اور اس وقت اپنے والد کا حوصلہ بلند کرنے یہاں آئے ہیں۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے اروں کا کہنا تھا کہ 'میرا بیٹا خود سکینگ کرتا ہے۔ میں گزشتہ 12 برس سے سنو بورڈنگ کر رہا ہوں اور آج میرا بیٹا میرے ساتھ یہاں میرے حوصلہ افزائی کے لئے آیا ہے۔ وہ خود بھی فیز ون پر ہمارے ساتھ سکینگ کر چکا ہے۔ میں چاہتا ہوں وہ سکینگ بھی کرے اور سنو بورڈنگ بھی۔' اُن کا مزید کہنا تھا کہ 'میرا بیٹا تب صرف 9 مہینے کا تھا جب سے ہم اس کو سرمائی کھیلوں کے بارے میں بتا رہے ہیں۔ جب وہ ڈھلان پر ہوتا ہے تو مجھے بالکل بھی ڈر نہیں لگتا کیوں کہ مجھے گائڈز پر پورہ بھروسہ ہے اور ویسے بھی اگر زخمی نہیں ہوگا تو سیکھے گا کیسے؟۔'