منی پور:منی پور میں حالات ایک بار پھر بے قابو ہوتے جارہے ہیں۔ شمال مشرقی ریاست میں ایک کمیونٹی کی خواتین کو برہنہ کر کے سڑکوں پر دوڑانے کا حیران کن معاملہ سامنے آیا ہے۔ یہ ویڈیو مئی کا بتایا جا رہا ہے۔ اس میں دوسری طرف سے کچھ لوگ ایک برادری کی دو خواتین کو برہنہ کرکے سڑکوں پر گھما رہے ہیں۔ اس واقعہ کے منظر عام پر آنے کے بعد علاقے میں تشدد زدہ ریاست میں ایک بار پھر کشیدگی عروج پر پہنچ گئی ہے۔ حکام نے بتایا کہ یہ ویڈیو جمعرات کو انڈیجینس ٹرائبل لیڈرز فورم (آئی ٹی ایل ایف) کے مظاہرے سے صرف ایک دن پہلے سامنے آیا ہے۔
آئی ٹی ایل ایف کے ترجمان نے بتایا کہ کانگ پوکپی ضلع میں یہ واقعہ چار مئی کو پیش آیا۔ اس میں خواتین کو برہنہ حالت میں دکھایا گیا ہے۔ ویڈیو میں کچھ مرد متاثرہ خواتین کے ساتھ مسلسل چھیڑ چھاڑ کرتے نظر آ رہے ہیں۔ یہ متاثرہ خواتین یرغمال بنی ہوئی ہیں اور مسلسل مدد کے لیے فریاد کر رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مجرموں نے اس ویڈیو کو بنانے کے بعد وائرل بھی کیا ہے۔ اس سے ان بے گناہ خواتین کے ساتھ کیے گئے ہولناک تشدد میں کئی گنا اضافہ ہو گیا۔ پولس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
ترجمان نے ایک بیان میں اس گھناؤنے فعل کی مذمت کی اور مرکزی اور ریاستی حکومتوں، خواتین کے قومی کمیشن اور شیڈولڈ ٹرائب کے قومی کمیشن سے اس معاملے کا نوٹس لینے اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا۔ قابل ذکر ہے کہ کوکی برادری نے آج بروز جمعرات کو چرچند پور میں مجوزہ احتجاجی مارچ کے دوران بھی اس مسئلے کو اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔ وہیں اس معاملے پر پولیس نے کہا کہ تھاوبل ضلع کے نونگ پوک سیکمائی پولیس اسٹیشن میں نامعلوم مسلح بدمعاشوں کے خلاف اغوا، اجتماعی عصمت دری اور قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کے لیے تمام کوششیں جاری ہیں۔