احمدآباد: اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (ایس آئی او) کے 40 سال مکمل ہونے پر تنظیم نے اتحاد کی بلندی و انسانیت کے فروغ کے لیے ایک مہم کا آغاز کیا ہے، جس کی تھیم ' اتحاد کی علمبرداری اور انسانیت کی ترویج، ایس آئی او کی مہم بہتر مستقبل کیلئے' ہے۔ SIO launched a campaign on completion of 40 years
انسانیت کے فروغ کے لیے ایس آئی او چالیس سال سے سرگرم ہے
اس تعلق سے ایس آئی او آف انڈیا کے جنرل سیکریٹری سید احمد مذکر نے کہا کہ ایس آئی او کی بنیاد سنہ 1982 میں رکھی گئی تھی۔ رواں برس ایس آئی او کو چالیس سال مکمل ہو رہے ہیں، جس کے پیش نظر ہم نے یہ مہم شروع کی ہے جس کی تھیم ' اتحاد کی علمبرداری اور انسانیت کی ترویج، ایس آئی او کی مہم بہتر مستقبل کیلئے' ہے۔
مزید پڑھیں:۔Know Mohammad Campaign in Hyderabad: ایس آئی او حیدرآباد نے 'محمدﷺ کو جانو مہم' کی شروعات کی
انہوں نے کہا کہ ملک کے موجوہ حالات ناگفتہ بہ ہیں، یہاں نفرت کے بازار گرم ہیں، لوگوں کو مذہب کے نام پر ایک دوسرے سے لڑایا جا رہا ہے۔ چند لوگوں کے ذاتی مفادات اور سیاسی دلچسپی کی وجہ سے سماج میں زہر گھولا جا رہا ہے۔ پورا سماج ایک خاص بیماری میں مبتلا ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب کو ایک ساتھ مل کر بھارت کے بہتر مستقل کے لئے جد و جہد کرنا چاہئے۔ لوگ انسانیت کو فروغ دیں اور انسانیت کو زندہ رکھنے کی کوشش کریں۔ تاکہ سماج میں ایک مثبت تبدیلی آئے، جس سے انسانیت کو فروغ ملے اور ہر انسان ایک باوقار و باعزت زندگی گزار سکے اور اسی مقصد کے تحت ایس آئی او مذکورہ مہم کی شروعات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایس آئی او انسانیت کو فروغ دینے کے لئے گزشتہ چالیس سالوں سے کام کر رہی ہے اور رواں ماہ ایس آئی او کے 40 سال مکمل ہو رہے ہیں، جس کے پیش نظر ہم ملک کے مختلف مقامات کا دورہ کر رہے ہیں اور اس مہم کے سلسلے میں اپنے کیڈرس سے ملاقات کر رہے ہیں۔