نئی دہلی: لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے آج دہلی یونیورسٹی کے گرو گوبند سنگھ کالج آف کامرس کے 39ویں سالانہ دن سے خطاب کیا۔ اس موقع پر شری برلا نے طلباء کو انعامات بھی دئیے۔ اس موقع پر برلا نے گرو گوبند سنگھ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سکھ سماج میں روحانیت، قربانی اور خدمت جیسی قدریں ہمیشہ سے اولین رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سکھ مذہب کے گرووں نے خدمت اور لگن کے ذریعے انسانیت کو ایک نئی سمت دی اور پوری دنیا کو متاثر کیا۔ برلا نے کہا کہ سکھ سماج نے پوری دنیا میں سماجی و اقتصادی تبدیلی میں بہت اہم رول ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم کے ساتھ ثقافت اور روحانیت سکھ مذہب کی پہچان ہے۔
محنت اور خدمت کو سکھ مذہب کی بنیادی بنیاد قرار دیتے ہوئے ہوئے برلا نے کہا کہ گرو گوبند سنگھ جی نے مذہب کے تحفظ کے لیے قربانیاں دیں اور سماج کے مظلوم طبقات کے لیے جدوجہد کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرو گوبند سنگھ جی نے ہمیشہ دھرم کے راستے پر چلتے ہوئے ان کے کاموں سے پورے سماج کو ایک سمت دی ہے۔گرو گوبند سنگھ کالج آف کامرس کے بارے میں لوک سبھا کے اسپیکر نے کہا کہ یہ کالج پوری دنیا میں مشہور ہے اور اس کے طلباء نے دنیا میں اپنا خاص مقام بنایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کالج کے طلباء نے ہمیشہ ہمت، بہادری اور علم کو ترجیح دی ہے اور اپنی محنت سے کالج کا نام روشن کیا ہے۔