مہاراشٹر: سیاسی بحران اب بھی جاری ہے، مہاراشٹر میں سنجے راوت نے ایک پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا کہ پارٹی ابھی بھی مضبوط ہے اور باغی ایم ایل ایز بالا صاحب ٹھاکرے کے سچے 'بھکت' نہیں ہیں۔ میں بالا صاحب کی حمایت کرتا ہوں، اس طرح کے بیان سے یہ ثابت نہیں ہوگا کہ آپ بالا صاحب کے سچے وفادار ہو۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ اراکین اسمبلی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے خوف سے باغی ہو گئے ہیں۔
شیوسینا رہنما سنجے راوت نے کہا کہ باغی اراکین کو گوہاٹی سے بات نہیں کرنا چاہیے بلکہ وہ یہاں ممبئی آکر وزیراعلی سے بات کریں، اگر یہ تمام ایم ایل اے کی مرضی ہے تو ہم مہا وکاس اگھاڑی سے باہر نکلنے پر غور کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن اس کے لیے انہیں یہاں آکر وزیر اعلیٰ سے بات کرنی ہوگی۔ سنجے راوت نے کہا کہ 'میں کسی خیمے کی بات نہیں کروں گا، میں اپنی پارٹی کی بات کروں گا، ہماری پارٹی آج بھی مضبوط ہے تقریباً 20 اراکین اسمبلی ہمارے رابطے میں ہیں، جب وہ ممبئ آئیں گے تو آپ کو پتہ چل جائے گا، جلد ہی خلاصہ ہوجائے گا کہ کن حالات میں ان اراکین نے ہم پر دباؤ بنایا۔