پاکستان کے تیز گیندباز شاہین شاہ آفریدی نے جمعہ کے روز کراچی کی ایک مسجد میں پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی بیٹی انشا سے شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ دونوں کی منگنی دو سال قبل ہوئی تھی۔ اس موقع پر شاہین شاہ آفریدی کے قریبی دوست اور رشتہ دار موجود رہے۔ وہیں مہمانوں میں پاکستان کے موجودہ کپتان بابر اعظم، سرفراز احمد، نسیم شاہ، شاداب خان سمیت دیگر کھلاڑی شامل موجود رہے۔ شادی کی نجی تقریب کے بعد تصاویر سوشل میڈیا ویب سائٹس پر وائرل ہو گئی۔
اطلاعات کے مطابق نکاح کے فوراً بعد ولیمہ کا اہتمام کیا گیا۔ رپورٹس کے مطابق شاہین کی فیملی شادی کے لیے دو روز قبل کراچی پہنچی تھی اور جمعرات کی شب جوڑے کی مہندی کی تقریب منعقد ہوئی تھی۔ 22 سالہ فاسٹ بولر نے 25 ٹیسٹ، 32 ون ڈے اور 47 ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔ تیز گیندباز شاہین شاہ آفریدی نے کھیل کے تینوں فارمیٹس میں بالترتیب 99، 62 اور 58 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ واضح رہے کہ شاہین اگلی بار پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن میں لاہور قلندرز کے لیے کھیلتے ہوئے نظر آئیں گے۔ بتا دیں کہ 13پاکستان سپر لیگ فروری سے شروع ہونے والی ہے۔