اگرتلہ: تریپورہ کے جی بی بازار علاقے میں سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی برسی کے موقع پر منعقدہ کھانے کی تقسیم کے پروگرام کے دوران مبینہ طور پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کارکنان نے حملہ کیا، جس میں کم از کم آٹھ کانگریس کارکن زخمی ہو گئے۔ سرکاری ذرائع نے منگل کو یہ اطلاع دی۔ Attack on Congress Supporters in Tripura
پولیس نے بتایا کہ اس موقع پر تقریباً 2500 مقامی لوگوں کے لیے کھانا تیارکیاگیا تھا، جسے حملہ آوروں نے نالے میں پھینک دیا۔ حملہ آوروں کی شناخت نہ ہونے کی وجہ سے تاحال کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ اس سلسلے میں ایک کیس درج کر لیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہے۔ وہیں، کانگریس لیڈر شیام پال نے الزام لگایا کہ چہرے پر ماسک لگائے موٹرسائیکل پر سوار بی جے پی کارکنان نے پولیس کی موجودگی میں اس واقعہ کو انجام دیا۔ حملہ آوروں نے کانگریس لیڈروں اور کارکنان پر لاٹھیوں اور تیز دھار ہتھیاروں سے حملہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ جب وہاں موجود لوگ بھاگنے لگے تو حملہ آوروں نے منتظمین کو پیٹنا شروع کر دیا۔ حملے میں تین خواتین سمیت کم از کم آٹھ افراد زخمی ہوگئے۔ انہوں نے بتایا کہ حملہ آوروں نے کانگریس لیڈر دیباشیش ساہا پر تیز دھار ہتھیار سے حملہ کیا، لیکن وہ موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پال نے الزام لگایا کہ شرپسندوں نے 'جئے شری رام' کا نعرہ لگاتے ہوئے تمام کھانے پینے کی چیزیں نالی میں پھینک دیں۔ انہوں نے کہا کہ واپس لوٹتے وقت حملہ آوروں نے شہر کے اندرا نگر میں کانگریس پارٹی کے دفتر میں بھی توڑ پھوڑ کی۔