کورونا وبا کے بڑھتے قہر کو مدِ نظر رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ سخت پابندیوں اور سیکیورٹی کے سخت انتظامات کے درمیان مغربی بنگال میں آٹھ مراحل میں ہو رہے اسمبلی انتخابات کے ساتویں مرحلے میں 34 اسمبلی سیٹوں کے لئے ووٹنگ صبح 7 بجے شروع ہوگئی ہے۔
ساتویں مرحلے میں پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق ریاست کے پانچ اضلاع کی 36 سیٹوں پر انتخابات ہونے تھے لیکن شمشیر گنج اور جنگی پور کے علاقوں میں امیدواروں کی موت کے سبب اب کل 34 سیٹوں پر 37 خواتین امیدواروں سمیت کل 268 امیدواروں کی قسمت داؤ پر لگی ہے۔
الیکشن کمیشن نے شمشیر گنج اور جنگی پور اسمبلی حلقوں کے لئے دوبارہ نوٹیفکیشن جاری کی ہے۔ ان دونوں جگہوں پر اب 16 مئی کو انتخابات ہوں گے۔
ریاست میں اب تک چھ مرحلوں کے انتخابات میں 294 اسمبلی سیٹوں میں سے 223 سیٹوں پر پولنگ مکمل ہو چکی ہے۔
جن پانچ اضلاع میں پولنگ ہونی ہے، ان میں مالدہ، کولکاتہ جنوب، مرشد آباد، مغربی وردھمان اور جنوبی دیناج پور شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن نے ساتویں مرحلے کے انتخابات آزادانہ، منصفانہ اور پرامن کرانے کے لئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں۔ پولنگ مراکز پر بڑی تعداد میں مرکزی اور ریاستی فورسز کو تعینات کیا گیا ہے۔
امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ39.87 لاکھ خواتین ووٹرز اور 221 ٹرانسجینڈر ووٹرز سمیت 81.88 لاکھ ووٹرز کریں گے۔ پولنگ کے لئے کل 11،376 پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مغربی بنگال اسمبلی انتخابات: کورونا گائیڈ لائن کے تحت ووٹنگ جاری