گریٹر نوئیڈا: محبت کے نام پر سرحد پار کر کے بھارت پہنچنے والی سیما حیدر کی اس وقت مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا جب یو پی اے ٹی ایس نے سیما اور اس کے عاشق سچن سے پوچھ گچھ شروع کی۔ ذرائع کے مطابق اے ٹی ایس نے پیر کو سیما، سچن اور سچن کے والد نیترپال سے نوئیڈا کے کسی خفیہ مقام پر پوچھ گچھ کر رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق اے ٹی ایس (اینٹی ٹیررسٹ اسکواڈ) گزشتہ دس دنوں سے سیما کے بیانات، رہن سہن اور بولنے کے انداز کا تجزیہ کر رہی تھی۔ وہ واقعی کون ہے؟ اس نے پاکستان میں کیا کیا؟ وہ بھارت کیسے آئی؟ یہاں تک پہنچنے میں اسکی مدد کس نے کی؟ ان نکات پر پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ ضرورت پڑنے پر اسے لکھنؤ ہیڈ کوارٹر بھی لایا جا سکتا ہے۔
پاکستانی خاتون سیما جو محبت کے جنون میں بھارت میں داخل ہونے کی وجہ سے زیر تفتیش ہے، کو پاکستان اور بھارت میں دائیں بازو کے کارکنوں کی طرف سے دھمکیوں کا سامنا ہے۔ گزشتہ بدھ کو بھارت سے سیما حیدر کو رہا نہ کرنے کی صورت میں ممبئی پولیس کو '26/11 جیسے حملے' کی دھمکی آمیز آڈیو موصول ہوئی تھی۔ پاکستان میں انتہا پسند عناصر اس ملک میں ہندوؤں کے خلاف تشدد کی دھمکیاں بھی دے رہے ہیں۔ مسلح دہشت گردوں نے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی گئی ویڈیوز میں ہندوؤں کو خبردار کیا ہے۔