جموں و کشمیر پیپلز موومنٹ کے نو منتخب صدر ڈاکٹر مصطفیٰ خان نے حالیہ دنوں عام شہریوں کی ہلاکت پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہوں کو قتل کرنے کی اجازت کوئی مذہب نہیں دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے، جس میں امن و استحکام، بھائی چارے اور آپسی میل جول اور رواداری کا درس دیا گیا اور ایسے میں بے گناہوں کو اس طرح قتل کرنے کا کوئی جواز ہی نہیں بنتا ہے۔
پیپلز موومنٹ کے صدر ڈاکٹر مصطفیٰ خان نے ان باتوں کا اظہار سرینگر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ وادیٔ کشمیر میں گزشتہ ہفتے سے نامعلوم افراد کی جانب سے گولیوں کا نشانہ بناکر مسلسل غیر مقامی مزدورں کو موت کے گھاٹ اتارا جارہا ہے جوکہ بے حد افسوس اور تشویشناک امر ہے۔ جس پر انتظامیہ اور خاص کر سیکورٹی ایجنسیوں کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرکے ان لوگوں کو بے نقاب کرکے سزا دینی چائیے تاکہ معصوم اور بے گناہوں کی زندگیاں بچائی جاسکیں۔
ڈاکٹر مصطفیٰ خان نے انتظامیہ کو ہدف تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مرکزی وزراء کے جموں و کشمیر کے خالی دوروں سے تعمیر و ترقی یا بے روزگاری پر قابو نہیں پایا جاسکتا ہے، اس کے لیے مضبوط اقدمات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وادیٔ کشمیر کے نوجوان بے کاری اور بے روزگاری کی مار جھیل رہے ہیں جس وجہ یہاں خودسوزی کے واقعات میں بھی تشویش ناک حد تک اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔