طالبان کے ساتھ عالمی برادری کے تعلقات کے سلسلے میں شبہات کے بادل چھانے کے درمیان امریکی خفیہ ایجنسی (سی آئی اے) کے ڈائریکٹر ولیم برنس نے افغان طالبان کے نائب امیر ملا عبدالغنی برادر سے خفیہ ملاقات کی ہے۔
امریکی اخبار دی واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق ایک امریکی عہدے دار نے بتایا کہ سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم برنس نے کابل میں افغان طالبان کے اہم عہدے دار سے ملاقات کی۔
سینٹرل انٹیلیجنس ایجنسی (سی آئی اے) کے ڈائریکٹر ولیم برنس نے پیر کے روز کابل میں ملا برادر سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق دونوں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں انخلا کی آخری تاریخ 31 اگست میں توسیع پر بات ہوئی۔ تاہم طالبان نے انخلا کی ڈیڈ لائن میں توسیع کرنے سے سختی سے انکار کر دیا۔
اس قبل بھی طالبان نے کہا تھا کہ ''31 اگست تک امریکا اور برطانیہ اپنا انخلا مکمل کریں اور اگر 31 اگست کے بعد بھی امریکی فوجی موجود رہتے ہیں تو اسے قبضے میں توسیع سمجھا جائے گا اور نتائج کے ذمہ دار وہ خود ہوں گے۔''