بھوپال: ریاست مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں 4 فروری کو اے ٹی ایس پولیس اسٹیشن میں پی ایف آئی (پاپولر فرنٹ آف انڈیا) سے تعلق رکھنے والے چار ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔ ریاست میں اب تک 22 پی ایف آئی کارکنوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ پی ایف آئی کے 100 سے زیادہ ارکان اے ٹی ایس کے نشانے پر ہیں۔ ان چار میں سے دو کو اندور سے، ایک کو بھوپال سے اور ایک کو مہاراشٹر کے اورنگ آباد سے گرفتار کیا گیا۔ اے ٹی ایس کی جانچ میں پتا چلا کہ پی ایف آئی مدھیہ پردیش میں کافی سرگرم ہے۔ ایم پی کے علاوہ راجستھان، اتر پردیش، بہار، دہلی، ہریانہ، اتراکھنڈ سمیت دیگر کئی ریاستوں میں پی اف آئی کی سرگرمیاں جاری ہیں۔ وہیں ریاست کے دارالحکومت بھوپال کے ساتھ ساتھ اندور، اجین، کھڑگاؤں، باروانی، کھنڈوا، برہان میں بھی پی ایف آئی کی یونٹ قائم ہے۔ اے ٹی ایس افسران نے ان اضلاع میں اپنی توجہ بڑھا دی ہے۔
اے ٹی ایس ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق اب تک جن 22 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے وہ خفیہ طور پر تنظیم کے لئے کام کر رہے تھے۔ انہوں نے کئی خفیہ میٹنگز بھی کیں۔ ذرائع کے مطابق یہ لوگ بحران کے وقت، جیسے سیلاب، آفت، فصل کی خرابی اور جہاں بے روزگاری زیادہ ہوتی ہے، میں سماجی کارکن کے طور پر کام کرتے ہیں۔ اس دوران وہ لوگوں کی مدد کرتے ہیں اور انہیں تنظیم کے اغراض و مقاصد سے واقف کراتے ہیں جو لوگ ان سے متاثر ہوتے ہیں وہ تنظیم کے رکن بن جاتے ہیں۔