سری ہری کوٹا:ہندوستانی خلائی تحقیقی تنظیم (اسرو) نے جمعہ کو اپنی چھوٹی سیٹلائٹ لانچ وہیکل (ایس ایس ایل وی ۔ڈی 2 ) کی دوسری ترقیاتی پرواز میں کامیابی کے ساتھ تین سیٹلائٹس کو مقررہ مدار میں پہنچا دیا۔ اس کامیابی کے بعد شارمیں مشن کنٹرول سینٹر کے سائنسدانوں سے خطاب کرتے ہوئے اسرو کے چیئرمین ڈاکٹر سومناتھ نے کہا کہ اپنی دوسری کوشش میں، ایس ایس ایل وی ۔ڈی 2 نے زمین کے مشاہداتی سیٹلائٹ (EOS-07) کو کامیابی کے ساتھ ایک بہت ہی درست طریقے سے طے شدہ مدار میں پہنچا دیاہے۔ اس کے ساتھ ہی امریکی کمپنی انٹاریس کی طرف سے بنایا گیا 10.2 کلو وزنی جینس-1 سیٹلائٹ اور چنئی میں قائم اسپیس کِڈز انڈیا کے ذریعے بنایا گیا 8.8 کلوگرام ایزدی سیٹ-2 سیٹلائٹ بھی ایک مقررہ مدار میں پہنچادیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایس ایس ایل نے اپنی پہلی پرواز گزشتہ سال اگست میں ایس ایس ایل وی ۔ڈی 1 کے ساتھ کی تھی۔ پچھلی بار رفتار میں کچھ کمی کی وجہ سے سیٹلائٹس کو مقررہ مدار میں نہیں پہنچایاجاسکا تھا۔ مجھے یہ کہتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہم نے ایس ایس ایل وی ۔ڈی 1 میں درپیش مسائل کا تجزیہ کیا ہے۔ شناخت اور اصلاحی اقدامات کو نافذ کیا ہے۔ ہم نے بہت مطالعہ کیا اور اس بات کو یقینی بنایا کہ اس بار مشن کامیاب ہو گا اور مجھے خوشی ہے کہ اس پر عمل درآمد ہو گیا ہے۔