ایڈنبرگ: اسکاٹ لینڈ کی وزیر اعظم نکولا سٹرجن نے اپنے استعفیٰ کی تصدیق کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اسکاٹش نیشنل پارٹی کے جانشین کے انتخاب کے لیے انتخابات کرائے جائیں گے۔ اس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ اگرچہ انہوں نے ایک ماہ سے بھی کم عرصہ قبل اپنے استعفیٰ کے امکان کو مسترد کر دیا تھا لیکن سٹرجن نے آج ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ میں اپنے دل و دماغ سے سمجھتی ہوں کہ اب مستعفی ہونے کا وقت ہے۔
آٹھ سال اقتدار میں رہنے کے بعد 52 سالہ سٹرجن نے وزیر اعظم اور پارلیمنٹ کی سب سے بڑی جماعت سکاٹش نیشنل پارٹی کے رہنما کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا۔ انہیں آزادی اور خواجہ سراؤں کے حقوق کے لیے اپنی حکمت عملیوں پر بڑھتے ہوئے شدید دباؤ کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس وقت تک وزیراعظم رہیں گی جب تک اسکاٹش نیشنل پارٹی اپنے جانشین کا انتخاب نہیں کرتی۔